زمین پر اترنے بی جے پی کو شیو سینا کا مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-18

زمین پر اترنے بی جے پی کو شیو سینا کا مشورہ

ممبئی
پی ٹی آئی
ضمنی انتخابات میں بد ترین مظاہرہ پر بی جے پی پر ریکھا وار کرتے ہوئے شیو سینا نے آج کہا کہ اسے اس سے سبق لینا چاہئے اور اب اسے زمین پر آجانا چاہئے ۔ سینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا گیا ’’لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اتر پریش میں شاندارمظاہرہ کیا، لیکن ضمنی انتخابات کے نتائج اس کے بالکل برخلاف ہیں ۔ مہاراشٹرا انتخابات کے لئے یہ ایک سبق ہے ۔ یہ سبھی کے لئے سبق ہے ۔ عوام کو غیر اہم نہ سمجھاجائے ۔‘‘ شیو سینا نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج15اکتوبر کو ہونے والے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے لئے ایک سبق ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں فتح کے خمار میں مبتلا نہ ہوئیے ، اب زمین پر آجائیے ۔ جو اس سبق سے عبرت حاسل کرے گا وہی مہاراشٹرا میں کامیاب ہوگا، ورنہ عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے ۔ یاد رہے کہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو اتر پردیش، گجرات اور راجستھان میں اپنے مضبوط گڑھ میں بھی شرمناک شکست اٹھانی پڑی ، اور23حلقوں میں سے جہاں اس کا قبضہ تھا اس نے13حلقے کھودئیے ۔ کانگریس نے حیرت انگیز طور پر دو ریاستوں میں بہتر مظاہرہ کیا۔ شیو سینا کے ترجمان نے مزید لکھا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کو مودی لہر سے نہیں جوڑا جانا چاہئے ۔ یہ بات مد نظر رہے کہ عام اور ریاستی انتخابات کے درمیان فرق ہوتا ہے۔ مودی بین الاقوامی سطح پر بہتر مظاہرہ کررہے ہیں ۔ سینا نے کہا کہ سوامی آدتیہ ناتھ نے لو جہاد کا مسئلہ اٹھایا تھا لیکن ضمنی انتخابات کے نتائج نے دکھادیا کہ اس کا کوئی اثر نہیں پڑا ۔ بی جے پی کی حلیف نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کا سہرا نہ سونیا کے سرجاتا ہے اور نہ راہول گاندھی کے سر، نہ ہی کوئی یہ دعوی کرسکتا ہے کہ نتائج مودی کے خلاف ہیں، سامنا کے اداریہ کا لب و لہجہ بی جے پی کو ایک انتباہ سمجھاجارہا ہے کہ وہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں زیادہ نشستوں کا مطالبہ ترک کردے۔

پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈ کری نے بی جے پی کی کور کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے شیو سینا کے ساتھ آئندہ ماہ ہونے والے مہاراشٹرا اسمبلی کے انتخابات میں نشستوں کی تقسیم کے بارے میں تعطل سے پیدا صورتحال پر بات چیت کی ۔ یہ میٹنگ نتن گڈ کری کی برلی میں واقع قیام گاہ پر ہوئی جس میں دویندر فرنویس اسمبلی کے قائد اپوزیشن ایکنا گھڈسے کونسل کے قائد اپوزیشن ونود توڑے اور سینئر لیڈر سدیر منگان تیوار نے شرکت کی ۔ اس سے پہلے ریاستی بی جے پی کے قائدین نے شہر کے ایک ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر پارٹی صدر امیت شاہ سے ملاقات کی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں