ہند و پاک تمام مسائل پر کھلے دل سے بات چیت کریں - شاہی امام بخاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-24

ہند و پاک تمام مسائل پر کھلے دل سے بات چیت کریں - شاہی امام بخاری

نئی دہلی
یو این آئی
شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کو کشمیر سمیت تمام حل طلب امور پر کھلے دل سے بات چیت کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے ،۔ آج یہاں جاری ایک بیان میں مولانا سید احمد بخاری نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے اس خط کا ذکر کیا جس میں پاکستانی وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ مراسم اور عوامی سطح پر رابطہ بڑھانے کے جذبے کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے تھے ۔
مولانا بخاری نے سوال کیا کہ سرحدوں پر مسلسل قبضے اور چینی فوج کی آئے دن کی در اندازی کے باوجود اگر ہم اپنے ملک میں چینی صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے سرحدی امور پر گفتگو کرسکتے ہیں تو پھر اہم اپنے تمام پڑوسیوں سے حل طلب امور پر گفتگو کیوں نہیں کرسکتے۔ مولانا سید احمد بخاری کے نام اپنے خط میں مسٹرنوا ز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں اور عوام کے درمیان ودستانہ مراسم کے حوالے سے آپ کے جذبات قابل قدر ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے وزیر اعظم مسٹر نریندرمودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تاکہ دونوں ملکوں میں امن و استحکام کے لئے پیش رفت کی جاسکے ۔‘‘
مولانا بخاری نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ملک طلب امور پر کھلے دل کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کریں اور کشمیر مسئلہ پر حریف کانفرنس سمیت تمام فریقوں اور کشمیری عوام کو اعتماد میں لے کر مسئلے کا حل تلاش کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بات چیت شروع کرتے وقت ہمیں یہ بات بھی ذہن میں رکھنا چاہئے کہ وزیر اعظم پاکستان مسٹر نوا ز شریف اور ان کی حکومت ایک طرف دہشت گردی کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے تو دوسری طرف داخلہ انتشار مسٹر نواز شریف کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ۔ شاہی امام نے کہا کہ اس ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے نریندرمودی اور نواز شریف امریکہ جارہے ہیں انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کی ٹھوس بنیاد رکھیں تاکہ خطے میں امن کی فضاء قائم ہو اور دونوں ملکوں کے عوام ترقی اور خوشحالی کے راستے پر تیزی سے آگے بڑ ھ سکیں ۔
مولانا بخاری کے نام اپنے خط میں نواز شریف نے کہا کہ جامع مسجد دہلی میں گزارے چند لمحات عمر بھرکے لئے حسین یادوں کا سرمایہ ہیں، جنہیں کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ جامع مسجد کی زیارت کے لئے آپ نے مصاحبت کا شرف بخشا جو میرے اور میرے ساتھیوں کے لئے ایک اعزاز ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ملاقات کے دوران مولانا بخاری کو پاکستان دورہ کی دعوت دی تھی ۔ امکان ہے کہ نومبر2014کے بعد مولانا سید احمد بخاری پاکستان کا دورہ کریں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں