آندھرا پردیش میں ٹراول اینڈ ٹورزم یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-24

آندھرا پردیش میں ٹراول اینڈ ٹورزم یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ

حیدرآباد
ایس این بی
وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیدو نے ریاستی محکمہ سیاحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست آندھرا پ ردیش میں ٹراول اینڈ ٹورزم یونیورسٹی کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیں ۔ آج اپنے کیمپ آفس میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیدو نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کی ٹراول اینڈ ٹورزم یونیورسٹی کی طرز پر ایک یونیورسٹی کا نمونہ تیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں ٹورزم ، ہیلتھ، کوکنگ ، ٹرانسپورٹ ، گائیڈس کے لئے فنی مہارت اور تربیت اور ہاسپٹالیٹی خدمات جیسے کورسس متعارف کروائے جاسکتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش نے کہا کہ سیاح ہمارے مہمان ہیں اور ہماری تہذیب ان کے ساتھ مہمانوں جیسا برتاؤ کرنا ہے اس بات کی تشہیر کی جانی چاہئے ۔ عالمی معیار کے کنونشن سنٹرس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائیدو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ وجئے واڑہ، وشاکھاپٹنم اور تروپتی میں کنونشن سنٹرس کے قیام کے لئے بلو پرنٹ تیار کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کنونشن سنٹرس کی تعمیر اس انداز میں کی جانی چاہئے کہ وہاں شادیاں ،ایکسپو، سمینارس ، ثقافتی اور تفریحی پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایاجاسکے جن میں10ہزار افراد کے شرکت کرنے کی گنجائش ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن سنٹرس100ایکڑ اراضی پر تعمیر کئے جاسکتے ہیں ۔ جن کے احاطہ میں ایک این اے سی سی سنٹر بھی ہو ۔
انہوں نے کہا کہ یہ پراجکٹس عومی خانگی شراکت داری طریقہ کار کے تحت شروع کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی و مرکزی حکومتوں کے ملازمین اور خانگی متعلقہ افراد کے ساتھ ایک ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔ اس ٹاسک فورس کے کام پر نظر رکھنے کے لئے وزیر اعلیٰ کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ یہ ٹاسک فورس بیرونی ممالک اور مختلف سیاحتی مراکز کا دورہ کرے گی اور وزیر اعلیٰ کو وہاں اختیار کئے جارہے طریقہ کار پر ایک رپورٹ پیش کرے گی ۔ سکریٹری برائے وزیر اعلیٰ سائی پرساد ، اسپیشل سکریٹری سیاحت و ثقافت چندنا کھن، اے پی ٹی ڈی سی، وی سی اور ایم ڈی ، کے ایس ریڈی ،کمشنر سیاحت سنیل کمار گپتا اور دیگر اس اجلاس میں شریک تھے ۔

AP Government plans for setting up a Tourism University

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں