آندھرا کے سرکاری محکموں کے دفاتر کی وجئے واڑہ منتقلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-14

آندھرا کے سرکاری محکموں کے دفاتر کی وجئے واڑہ منتقلی

حکومت آندھرا پردیش ، اپنا عارضی دارالحکومت وجئے واڑہ میں قائم کرنے کی تجویزپر سنجیدہ نظر آتی ہے ۔ دارالحکومت کی حیدرآباد سے وجئے واڑہ منتقلی کے لئے حکومت نے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان کے دفاتر کی وجئے واڑہ کو منتقلی کے لئے پرنسپال سکریٹریز پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے ۔ ابتدائی دنوں میں وجئے واڑہ کا عارضی دارالحکومت کے طور پر استعمال کیاجائے گا جب کہ اسے ریاست کا مستقل دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی کیا جاچکا ہے تاہم دارالحکومت کے لئے حقیقی مقام کا تعین ہنوز نہیں کیا گیا ہے ۔ محکمہ فینانس ، محکمہ عمارات و شوارع اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپال سکریٹریز پر مشتمل کمیٹی ترجیحی بنیادوں پر سرکاری محکموں کے سربراہان کے دفاتر کو حیدرآباد سے وجئے واڑہ منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لے گی ۔ کمیٹی، وجئے واڑہ میں مختلف مقامات کا بھی تجزیہ کرے گی جہاں محکموں کے سربراہان کے دفاتر قائم کیے جاسکتے ہیں۔ دفاتر کی منتقلی کے سلسلہ میں مختلف امور جیسے عمارتوں کا کرایہ پر حصول، ملازمین کی تعداد، تبادلے اور جگہ کی دستیابی کے سلسلہ میں بھی یہ کمیٹی فیصلے کرے گی ۔ چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ نے اپنے احکام میں یہ بات بتائی ۔ کمیٹی، سرکاری محکموں کے سربراہان کے دفاتر کی وجئے واڑہ کو منتقلی کے لئے وقت بھی مقرر کرے گی ۔ کمیٹی کو15دن کے اندر حکومت کو روپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ واضح ہو کہ وجئے واڑہ کے اطراف و اکناف اے پی کے نئے دارالحکومت کے تعمیر کے فٰصلے سے قبل ریاستی حکومت نے وجئے واڑہ کو عارضی دارالحکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

offices of Andhra government departments moving to Vijayawada

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں