ادھو ٹھاکرے چیف منسٹر کے عہدے کے خواہشمند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-14

ادھو ٹھاکرے چیف منسٹر کے عہدے کے خواہشمند

مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ایک جلسہ عام میں پہلی مرتبہ چیف منسٹر بننے کی خواہش کا کھلااظہار کرتے ہوئے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ انہیں ایک موقع دیں اور وہ اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ رائے دہندوں کو اپنے فیصلہ پر افسوس نہیں ہوگا ۔ اودھو ٹھاکرے نے جن کے بی جے پی کے ساتھ تعلقات اسمبلی انتخابات میں نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پرتناؤ کا شکار ہیں ۔ اس بات کا بھی دعویٰ کیا کہ زعفراتی اتحاد کے اقتدار میں آنے کی صورت میں جو چہرہ ریاست پر حکمرانی کرے گا وہ صرف شیو سینا ہوگا۔ انہوں نے کہا میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے ایک موقع دیں اور میں انہیں شکایت کا کوئی موقع نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عہدوں کا لالچ نہیں ہے لیکن میں ذمہ داریوں سے بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہمیشہ میری قائدانہ صلاحیتوں پر سوال اٹھائے جاتے ہیں لیکن میں بالا صاحب کا بیٹا ہوں۔ اسی دوران عدالت کے ایک حالیہ فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے شیو سینا نے کہا کہ زیادہ ہوس طلاق کا سبب بن سکتی ہے اور مہایوتی کی حلیف جماعتوں سے کہا کہ وہ نشستوں کی تقسیم کے لئے بات چیت کے دوران زیادہ حصہ طلب کرنے سے گریز کریں ۔ شیو سینا کے ترجمان سامنا میں لکھے گئے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ تمام پارٹیوں کو زیادہ نشستوں کی ہوس نہیں رکھنا چاہئے ۔ یہ کہنا کہ ہم اسی وقت اتحاد میں رہیں گے جب ہمیں زیادہ نشستیں دی جائیں گی درست نہیں ہے ۔ یہ ریمارک ایسے وقت سامنے آیا جب کہ15اکتوبر کو مہاراشٹرا میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے نشستوں کی تقسیم پر بات چیت شروع ہونے والی ۔ اس جملہ کو شیو سینا کی طرف سے بی جے پی کے لئے پس پردہ تنقید سمجھاجارہا ہے کیونکہ یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بی جے پی اس مرتبہ زیادہ نشستوں کا مطالبہ کررہی ہے ۔
اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ حکومت تبدیل ہو اگر کسی کو مقابلہ کے لئے کم نشستیں بھی ملتی ہیں تب بھی انہیں حکومت میں مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ لیکن اس کے لئے ہمیں اقتدار میں آنا ضروری ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں48کے منجملہ 23نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی اسمبلی انتخابات میں زیادہ نشستیں دینے کا مطالبہ کررہی ہے ۔ شیو سینا کو 18سیٹیں ملی تھیں ۔ 1999سے مہاراشٹرا میں کانگریس۔ این سی پی اتحاد کی حکومت ہے تاہم اسے صرف6نشستیں حاصل ہوئیں۔

Uddhav Thackeray seeks to become CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں