مرقد مبارک کی منتقلی کی خبر انتشار برپا کرنے کی سازش - جمعیۃ علماء مالیگاؤں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-06

مرقد مبارک کی منتقلی کی خبر انتشار برپا کرنے کی سازش - جمعیۃ علماء مالیگاؤں

مالیگاؤں
پریس ریلیز
سرور کائنات نبی اکرم ﷺ کی آخری آرام گاہ مزار اقدس ﷺ کی منتقلی کی بے بنیاد خبر کو اسرائیل و برطانیہ کی مسلمانوں میں انتشار پیدا کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے جمعیۃ علماء مالیگاؤں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اطمینان و سکون رکھیں ۔ سعودی حکومت کے تردیدی بیان کے مطابق اس طرح کی کوئی تجویز سعودی حکومت کے زیر غور نہیں ہے ۔ جمعیۃ علماء ضلع ناسک کے صدر مفتی آصف انجم ملی ندوی اور شہر مالیگاؤں کے صدر مولانا شفیق احمد القاسمی نے ایک مشترکہ پریس نوٹ کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کی بے بنیاد و من گھڑت خبر اسرائیل و امریکہ نواز اخبارات نے اڑائی ہے جو لندن سے شائع ہوتے ہیں اور ہمارے ملک میں کچھ جذباتی لوگوں نے اسے بنا تحقیق کے اشتعال انگیزی کا ذریعہ بنا کر نوجوانوں کو جذبات میں لانے اور سوشل میڈیا فیس بک وواٹ شاپ پر بے بنیاد خیالات اور اشتعال انگیز فقرے لکھ کر مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی بھی کوشش کی ایسی حرکتوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔
پریس ریلیز کے مطابق شہری و ضلعی انتظامیہ سے بھی جمعیۃ نے ان حالات پر کڑی نظر رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے بھی فوری طور پر اس طرح کی من گھڑت اور بے بنیاد خبر کی تردید کردی ہے ۔ اس طرح کی بے بنیاد اور جھوٹی خبروں کی تشہیر کرکے مسلمانوں میں انتشارپیدا کرنے کی اس سازش کو مسلمانوں کو چاہئے کہ پوری طرح ناکام بنادیں اور ان فتنہ پردازوں ، شرپسندوں کی اشیاء کا مکمل طور پر بائیکاٹ جاری رکھیں ، اور خیال رکھیں کہ اس خبر کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ مولانا شفیق القاسمی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ خبر برطانیہ کے اسرائیلی و امریکی نواز اخبارات میں شائع ہونے کے بعد پلاننگ کے ساتھ ہندوستان کے اخبارات میں بھی شائع کرائی گئی ہے ۔ دراصل فلسطین پر اسرائیلی ظلم و جبر کے بعد پوری دنیا کی طرف سے اس کی مذمت کی جارہی ہے ۔ اس کا اظہار ہمارے ملک ہندوستان میں بھی ہوا اور تمام مسلمانوں نے مسلک و فرقہ بندی سے اوپر اٹھ کر فلسطینی مظلومین کی حمایت میں جس طرح اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے وہ ان ظالموں سے دیکھا نہیں جارہا ہے اور اس معاملے میں ہمارے شہر نے ایک مثالی قدم بھی اٹھایا کہ یہاں کے مسلمانوں نے مظلوم فلسطینیوں کی نقد مالی امداد بھی روانہ کی ہے ، نیز اسرائیلی و امریکی اشیاء کے بائیکاٹ کے سلسلے میں ہر مکتب فکر نے یکجا ہوکر اس تحریک کو کامیاب اور مسلسل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اس لئے انہوں نے مسلمانوں کے اس اتحاد کو انتشار میں بدلنے کے لئے ایسی خبر کو عام کرنے کی کوشش کی ۔ مسلمانو ں کو چاہئے کہ وہ جذبات کو قابو میں رکھیں اور ہوش کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل طور پر ان کی اشیاء کا بائیکاٹ کریں جس سے وہ معاشی طور پر کمزور ہورہا ہے ۔ جس طرح کی رپورٹس آرہی ہیں کہ اس سے اسرائیل و امریکہ کا بوکھلانا ایک فطری بات ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں ان کی طرف سے اس طرح کی شر انگیزی کی گئی ہے ۔

grave transfer news conspiracy - Jamiat Ulema Malegaon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں