اساتذہ کے تمام مسائل کی یکسوئی کا وعدہ - یوم اساتذہ تقریب سے کے سی آر کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-06

اساتذہ کے تمام مسائل کی یکسوئی کا وعدہ - یوم اساتذہ تقریب سے کے سی آر کا خطاب

حیدرآباد
یواین آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ انکی حکومت آئندہ سال سے انگریزی تعلیم کو لازمی قرار دیدے گی ۔ یوم اساتذہ کے موقع پر آج رویندر بھارتی میں منعقدہ سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ دنیا میں مقابلہ کے لئے انگریزی زبان پر عبور لازمی ہے۔ انگریزی زبان میں اہلیت کے ذریعہ کامیابی کے محاث فتح کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو زبان کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت آئندہ5برسوں کے دوران مرحلہ وار طور پر پہلی تا بارہویں جماعت کے لئے انگریزی متعارف کرائے گی جو لازمی ہوگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت اس سلسلہ میں فریقین سے مشاورت کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین ، ایک بچے کو پیدا کرتے ہیں لیکن ایک ٹیچر اسے زندگی عطا کرتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ تحریک تلنگانہ میں اساتذہ نے انتہائی اہم رول ادا کیا تھا ۔ عام ہڑتال کے دوران اساتذہ کی قربانیاں ناقابل فراموش رہیں ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ان کی حکومت اساتذہ برادری کے تمام مسائل کی یکسوئی عمل میں لائے گی ۔ اساتذہ کے ساتھ اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کے سی آر نے اساتذہ سے کہا کہ وہ سروے پلی رادھا کرشنن کو اپنا رول اور ماڈل بنالیں اور اپنی ڈیوٹی انجام دیں ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے اس موقع پر اسکول تا یونیورسٹی کے اساتذہ میں بیسٹ ٹیچر ایوارڈس بھی عطا کئے ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محومد علی ، وزیر تعلیم جگدیشوریڈی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل ، اساتذہ اور دوسرے موجود تھے۔ قبل ازیں کے چندر شیکھر راؤنے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن کے مجسمہ کو پھول مالا چڑھائے اور انہیں خراچ عقیدت پیش کیا ۔ ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں یوم اساتذہ منایاجاتا ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے آنجہانی فلسفی اور صدر جموہریہ کی ملک کے تئیں مختلف عہدوں کے ذریعہ خدمات کو یاد کیا ۔ اسی دوران ریاست بھر میں آج پورے جوش و خروش کے ساتھ یوم اساتذہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ تمام اسکولوں میں طلباء نے اپنے اپنے پسندیدہ اساتذہ کے رول ادا کیے ۔ کئی اسکولوں میں تقاریب اور تہذیبی و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد عمل میں آیا۔ طلباء نے اساتذہ کو تحفے بھی دیے اور شالیں اڑھا کر انہیں تہنیت پیش کی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا( ایس بی آئی) نے یوم اساتذہ کے موقع پر دونوں ریاستوں کے اسکولوں کو200کمپیوٹرس کا تحفہ دیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں