اقلیتوں کے مسائل بی جے پی حل کرے گی - نجمہ ہپت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

اقلیتوں کے مسائل بی جے پی حل کرے گی - نجمہ ہپت اللہ

bjp-mumbai-seminar
بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر اہتمام گزشتہ شب جنوب وسطی ممبئی میں اقلیتی و ترقیاتی سمینار کا کامیاب انعقاد کیا ، جس میں عام لوگوں کے ساتھ سماجی ، سیاسی لوگوں اور علمائے کرام نے بھی شرکت کی اس موقع پر خصوصی طور پر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے واضح طور پر کہا کہ بی جے پی ہی اقلیتوں کے مسائل کو بخوبی حل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس نے اپنے دور حکومت میں مسلمانوں کو دلتوں سے بھی بدتر کردیا ہے ، لیکن بی جے پی اقلیتوں کو معاشرے میں آگے لانے میں کوئی کسر نہیں رکھے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت90لاکھ اقلیتی طلباء کو پر ی میٹرک ٹریننگ کے لئے اسکالر شپ دے گی ۔ اس کے ساتھ ہی بیرون ملک تعلیم کے لئے جانے والے طلباء کو بپی کم شرح سود پر قرض دیاجائے گا۔ مدرسوں میں جدید تعلیم کے لئے 100کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے ۔ اور خواتین و اطفال کی فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔
نجمہ نے کہا کہ نریندر مودی مسلمانوں کے محسن و مددگار ہیں۔ اس موقع پر بی جے پی ترجمان شہنواز حسین نے کہا کہ کانگریس کو مسلمانوں کی یاد صرف الیکشن میں آتی ہے ، 15سالہ دور حکومت میں مسلمان بے روزگار ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں جیلوں میں قید ہیں۔ مہاراشٹر میں جتنے مظالم ان پر کیے گئے ہیں اس کی مثال دیگر ریاست میں نہیں ملتی ہے ۔
ممبئی بی جے پی صدر اشیش شیلارنے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ مسلمانوں کو وٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے ۔ سینکڑوں مسلمانوں کو جیل میں ٹھونس دیا گیا ہے۔ نائب صدر ممبئی بی جے پی حیدر اعظم نے واضح طور پر کہا کہ مسلمان سب سمجھ چکا ہے اور وہ اب انہیں موقع نہیں دے گا ۔ کیونکہ مودی نے’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ نعرہ دے کر سب کی آنکھیں کھول دی ہیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ وی کے سنگھ نے کانگریس پر الزام لگایا کہ اس نے ہمیشہ عوام میں انتشار پھیلایا ہے ۔
اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر وں اور کئی تنظیموں کے روح رواں ، فاروق اعظم نے بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا گیا،جس سے کانگریس کو زبردست جھٹکا لگا ہے ۔ اس موقع پ ر جمعیۃ علماء کے اہم رکن عبدالسلام قاسمی ، موسی شیخ، ڈاکٹر شاہد صدیقی ، ندیم نایاب، ببلو شیخ ، ایڈوکیٹ فاضل حسین، وپل کمار ، رام ملن، مولانا عبدالعالم صدیقی ، نتھو شیخ اور معظم علی اور ابرار احمد بی جے پی میں شامل ہوئے ۔ ملک بھر سے اقلیتی امور کے اہم لیڈران نے شرکت کی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں