وزیر اعظم نریندر مودی 5 روزہ دورہ پر امریکہ پہنچے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-27

وزیر اعظم نریندر مودی 5 روزہ دورہ پر امریکہ پہنچے

نیویارک
پی ٹی آئی
امریکہ کو ہندوستان کا فطری عالمی حلیف قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج امریکہ کے اپنے پانچ روزہ دورہ کا آغاز کیا۔ انہوں نے تجارت اور اختراعات کے لئے ہندوستان کے کشادہ اور دوست ہونے کا یقین دلایا ۔ 64سالہ مودی فرینکفرٹ سے تقریباً9گھنٹے سفر کے بعد ایر انڈیا کے خصوصی طیارہ سے نیویارک کے جے ایف کینڈی ایر پورٹ پہنچے ۔ نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک کے ایک دوسرے کی کامیابی میں کئی مفادات مشترک ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان کو سرمایہ کاری کے ایک بہتر مرکز کے طور پر پیش کرے اور گزشتہ سال کے تلخ سفارتی تنازعہ کے بعد امریکہ سے تعلقات میں بہتری پیدا کی جائے ۔ وہ29ستمبر کو صدر امریکہ بارک اوباما سے راست ملاقات کرنے والے ہیں ۔ دنیا کی دو بڑی جمہوری ملکوں کے قائدین کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ نیویارک اور واشنگٹن میں وزیرا عظم کا دورہ انتہائی مصروف رہے گا۔ جہاں تقریباً50مصروفیات ان کی منتظر ہیں ۔ وہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی سے ہفتہ27ستمبر کو اپنا پہلا خطاب کریں گے ۔ اوباما29ستمبر کو وائٹ ہاؤز میں مودی کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کریں گے ۔ اس طرح وہ ہندوستانی قائد کے ساتھ اپنی اہم ملاقات سے قبل شخصی تعلقات کو پروان چڑھائیں گے ۔ تاہم توقع ہے کہ وزیر اعظم امریکی دورہ کے دوران صرف چائے اور لیمو شربت استعمال کریں گے کیونکہ وہ نوراتری میں اپواس رکھتے ہیں ۔
نیویارک میں مودی ہفتہ27ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر کا دورہ کریں گے اور 9/11کے مہلوکین کو خراج پیش کریں گے وہ ان مہلوکین کی یاد میں بنائے گئے میوزیم کا بھی دورہ کریں گے ۔ اسی دن مودی10:30بجے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔ تاہم اس سے پہلے9بجے یہودی برادری کے قائدین سے بات چیت کریں گے ۔ 29ستمبر کو مڈسن اسکوائر میں وزیر اعظم کا ہندوستانی برادری سے خطاب بھی ہوگا۔11بجے سابق صدر بل کلنٹن اور ان کی اہلیہ ہلاری کلنٹن مودیس ے ملاقات کریں گے ۔
نیویارک
یو این آئی
امریکہ کی ایک عدالت نے وزیر اعظم نریند ر مودی سے گجرات فسادات کو روکنے میں مبینہ طور پر ناکام رہنے کے سلسلہ میں ان پر لگے الزامات کا جواب دینے کو کہا ہے۔ مودی فی الحال امریکہ کے پانچ روزہ دورہ پر ہیں ۔ وزیرا عظم بننے کے بعد یہ ان کا پہلا امریکی دورہ ہے۔ نیویارک کی ایک عدالت میں داخل کردہ اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ مودی گجرات کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے ریاست میں ہوئے فسادات کو روکنے میں ناکام رہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی کے خلاف اس بات کے خاطر خواہ ثبوت ہیں کہ انہوں نے جان بوجھ کر اور بددیانتی سے انتظامیہ کو بے قصور مسلمانوں کو مارنے کا حکم دیا تھا۔2002ء میں گجرات فسادات میں زند بچ جانے والے دو افراد کی طرف سے ایک انسانی حقوق سے متعلق تنظیم امریکن جسٹس سنٹر نے یہ درخواست عدالت میں داخل کی ہے جس کا مودی کو21دن کے اندر جواب دینے کے لئے کہا گیا ہے ۔

Narendra Modi in United States of America for 5 days

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں