ضمنی الیکشن میں خراب کارکردگی سے بی جے پی میں کھینچا تانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-19

ضمنی الیکشن میں خراب کارکردگی سے بی جے پی میں کھینچا تانی

لکھنو
یو این آئی
ضمنی انتخابات میں پارٹی کی خراب کارکردگی پر بی جے پی لیڈران نے بحث کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی قیادت سے سوال کیا ہے کہ اس پر بحث کی جانی چاہئے کہ محض 4مہینوں میں پارٹی کے برے دن کیوں آگئے اور اتر پردیش میں پارٹی کو ایک پارلیمانی اور7اسمبلی سیٹوں پر ہار کا سامنا کیوں کرنا پڑا۔ واضح ہو کہ4ماہ قبل ہوئے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اس نے ریاست کی80لوک سبھا سیٹوں میں71سیٹیں جیت لی تھیں لیکن حال ہی میں ہوئے اسمبلی و پارلیمانی کے ضمنی انتخابات میں اسے زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسے کئی سیٹیں گنوانی پڑی ہیں ۔ ریاست میں بی جے پی کے چند لیڈران نے پارٹی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ شکست کا جائز ہ لیں اور ان نکات کی تلاش کریں جس کی وجہ سے پارٹی کو بدتر حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں ںے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ امیدواروں کے انتخابات پر بھی بات کی جانی چاہئے کیونکہ جیت میں ان کی شخصیت بھی اہم کردار اداکرتی ہے ۔
بی جے پی کے سابق ریاستی صدر اوم پرکاش سنگھ نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ شکست پر کھل کر بات کی جانی چاہئے اور شکست کے وجوہات مل کر تلاشنے چاہئے ۔ چند لیڈران نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے انتخابات کے دوران افسروں کا ناجائز استعمال کیاہے۔ دوسری طرف ریاست کے قانون ساز اسمبلی کے لیڈران کل ریاست میں ضمنی انتخابات کے بعد پارٹی کی صورتحال جاننے اور شکست کے وجوہات پر بات چیت کرنے کے لئے میٹنگ کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان و جے بہادر پاٹھک نے آج یہاں بتایا کہ قانون ساز اسمبلی کے لیڈر سریشن کھنہ نے اس سلسلے میں کل میٹنگ طلب کی ہے ۔ میٹنگ کے بعد کھنہ دوپہر کو گورنر رام مائک سے ملاقات کریں گے اور ریاست کے امن و قانون کے بگڑتے حالات ، بجلی کی مخدوش صورتحال ، گنا کسانوں کے بقایہ جات کی ادائیگی اور دیگر امور پر گورنر کو میمورنڈم پیش کریں گے ۔ پاٹھک نے ریاستی وزیر حاجی اکرام قریشی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حالیہ ضمنی انتخابات میں ٹھاکر واڑہ اسمبلی حلقہ کے تحت مرادآباد میں ووٹ دیا جب کہ وہ وہاں کے ووٹر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قریشی نے غلط ووٹنگ کی جس قانونی طور سے درست نہیں ہے۔ مزید برآں کانپور میں کل بی جے پی لیڈروں نے ایک ریلی نکالی تھی ، جسمیں انہوں نے مطالبہ کیاتھاکہ اتر پردیش میں ورون گاندھی کو پارٹی کی ذمہ داری دی جائے اور انہیں یہاں کا سربراہ بنایا جائے۔ مرکزی وزیر اور ورون گاندھی کی ماں منیکا گاندھی نے بھی چند روز قبل پارٹی کومشورہ دیا تھا کہ ورون کو ریاست کی ذمہ داری دی جائے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں