وزیر اعلیٰ ٹاملناڈو کی حیثیت سے پنیر سیلوم کی حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-30

وزیر اعلیٰ ٹاملناڈو کی حیثیت سے پنیر سیلوم کی حلف برداری

چینائی
یو این آئی
انا ڈی ایم کے سینئر لیڈر اوپنیر سیلوم نے آج چیف منسٹر ٹاملناڈو کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف لیا ۔ ان کی زیر قیادت 31رکنی ٹاملناڈو کابینہ نے بھی حلف لیا ۔ ریاستی گورنر کے روشیا نے پنیر سیلوم اور ان کی کابینی رفقاء جو غکف دلایا ۔ حلف برداری کی یہ تقریب کسی شان و شوکت کے بغیر منعقد ہوئی اور غم کی فضا محسوس کی گئی ۔ شرکاء کو جذبات سے مغلوب دیکھا گیا ۔ یہ سادہ تقریب ، راج بھون کے دربار ہال میں منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر روشیا نے پنیر سیلوم کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا ۔ اناڈی ایم کے کے یہ سینئر لیڈر12سال کے وقفہ کے بعد دوبارہ چیف منسٹر بنے ہیں۔ نئی کابینہ میں ان تمام وزراء کو برقرار رکھا گیا ہے جو جیہ للیتا کا بینہ میں شامل تھے ۔ تقریب حلف برداری میں اسپیکر پی دھنپال ، چیف سکریٹری اور سینئر سرکاری عہدیدار موجود تھے ۔ یہ تقریب، اپوزیشن پارٹی قائدین اور اہم شخصیتوں کی موجودگی کے بغیر منعقد ہوئی ۔ 63سالہ پنیر سیلوم ، مئی2011کے اسمبلی انتخابات میں حلقہ بوڈی نائیکنور سے منتخب ہوئے تھے ۔ تمام وزرانے ٹامل میں حلف لیا۔ حلف برداری کے دوران بیشتر وزراء کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے اور فضا مغموم تھی ۔ متعدد وزراء کی آواز رندھ گئی تھی اور بیشتر وزراء ، جن کی سسکیاں بندھ گئی تھیں ، اپنے آنسو پونچھتے دیکھے گئے ۔ پنیر سیلوم بھی حلف برداری کے دوران اپنے آنسو نہیں روک سکے ۔ بعد میں ریاستی گورنر نے قلمدانوں کی تقسیم کا اعلان کیا ۔ تمام وزراء کے وہ قلمدان برقرار رکھے گئے ہیں جو جیہ للیتا کابینہ میں ان کے پاس تھے ۔ اہم قلمدان یعنی پولیس اور امور داخلہ کے قلمدان جو اَب تک جیہ للیتا کی نگرانی میں تھے، پنیر سیلوم نے اپنے پاس رکھے ہیں ۔ حلف برداری کے بعد پنیر سیلوم ، ذریعہ کار سکریٹریٹ پہنچے اور عہدہ کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کابینہ کے مختصر اجلاس کی صدارت کی اور ریاست میں امن و ضبط کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ٹاملناڈو کے ڈی جی پی کے راما نجم نے بھی خیر سگالی ملاقات کی اور ریاست میں نظم و ضبط کی برقراری کے لئے کئے گئے اقدامات سے نئے چیف منسٹر کو واقف کرایا ۔ بعد میں پنیر سیلوم ، جیہ للیتا کا آشیرواد لینے بنگلور روانہ ہوگئے ۔ جیہ للیتا کو بنگلور کی پراپنا اگرہارا جیل میں رکھا گیا ہے ۔

Panneerselvam sworn in as Tamil Nadu chief minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں