کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-29

کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ

سری نگر
یو این آئی
حکومت جموں و کشمیر سیلاب سے متاثرہ مکانات کی تعمیر کے لئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ( ایس ڈی آر ایف) کے تحت امداد کی رقم کو بڑھا کر7,500کروڑ کردیاجائے ۔ جیسا کہ وادی میں مکمل طور پر تباہ مکانات کی تعدا تقریباً ایک لاکھ ہوگئی ہے ، ریاستی حکومت تقریباً900کروڑ روپے بطور تعمیر نو کے لئے درکار ہوں گے ۔ریاستی حکومت نے تباہ شدہ مکانات کے سلسلہ میں مرکز کو پیش کئے گئے اپنے ایک میمورنڈم میں کہا کہ مکمل تباہ شدہ مکانات کے لئے5لاکھ روپے اور جزی تباہ مکانات کے لئے2لاکھ روپے بطور زر تلافی امداد دینے کے لئے کہا ہے ۔ ریاست کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مرکز سے رجوع ہورہے ہیں تاکہ ایس ڈی آر ایف کے قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے مکمل تباہ شدہ مکانات کے لئے5لاکھ روپے دینے کی ایپل کی جائے گی ۔
سیلاب کے باعث کشمیر کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ، لشمیر اکنامک الائنس کے مطابق سیلاب کی وجہ سے وادی کی معیشت کو ایک لاکھ کروڑ کا نقصان پہنچا ہے ۔ جہاں سیلاب کی تباہ کاریوں سے باغبانی ، زراعت ، شہرہ آفاق زعفران سمیت زندگی کا ہر ایک شعبہ بری طرح متاثر ہوا وہیں تاریخی لال چوک اور اس کے ملحقہ بازاروں کی رونقیں ختم ہوکر رہ گئیں ۔ ان بازاروں کو دیکھ کر آج ہر راہگیر کا دل ملول ہوجاتا ہے جنہیں دیکھ کر تین ہفتے پہلے ہر ایک کا دل شاد ہوتا تھا۔ سیلاب کو آئے تین ہفتے گزرنے کے بعد بھی معمولات زندگی مفلوج ہے ۔ تجاری سرگرمیاں معطل اور گاہکوں کا ہجوم غائب ہے ۔ بس دکانوں سے نکالا جانے والا سامان ہر سڑک پر ڈھیروں کی شکل میں بکھرا پڑا ہے اور ہر طرف ناقابل برداشت بدبو پھیلی ہوئی ہے ۔ ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ لال چوک اور اس کے ملحقہ بازاروں میں پہلی جیسی رونقیں واپس لوٹنے میں ایک دہائی تک کا عرصہ لگ سکتا ہے ۔
کشمیر اکنامک الائنس کے مطابق سیلاب کے باعث وادی کشمیر میں ایک لاکھ دکانیں متاثر ہوئی ہیں جب کہ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے سری نگر میں متاثر ہونیو الی دکانوں کی تعدا د دس ہزار سے زائد بتائی ہے ۔ شہر کے حضوری باغ میں واقع ایک میڈیکل اسٹور کے مالک نے بتایا کہ انہیں کم از کم ڈیڑھ کروڑ کے نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نہ صرف ان کی دکان سیلاب کی زد میں آگئی تھی بلکہ مکان بھی دو منزلوں تک زیر آب آگیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اب ا پنے آپ کو تسلی دے کر اور ہمت جٹا کر سیلاب کی زد میں آئی ہوئی ادویات کو ٹھکانے لگانے کا کام شروع کیا ہے ۔

Over 2 lakh structures damaged in floods: J&K government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں