حافظ سعید کے خلاف کوئی کیس نہیں - دہلی میں ہائی کمشنر پاکستان عبدالباسط کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-16

حافظ سعید کے خلاف کوئی کیس نہیں - دہلی میں ہائی کمشنر پاکستان عبدالباسط کا بیان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پاکستان نے آج واضح کیا ہے کہ ممبئی حملوں(26/11حملوں) کے سازشی دہشت گرد حافظ سعید کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے اور وہ حافظ سعید ، پاکستان میں کہیں بھی گھومنے کے لئے آزاد ہے ۔ ہائی کمشنر پاکستان برائے ہند عبدالباسط نے یہاں ایک تقریب کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’حافظ سعید ایک پاکستانی شہری ہے اور کہیں بھی گھومنے پھرنے کے لئے آزاد ہے ، تو مسئلہ کیا ہے ۔ وہ ایک آزاد شہری ہے اس لئے جہاں تک پاکستانی کا تعلق ہے، کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ اخبار نویسوں نے عبدالباسط سے پوچھا تھا کہ خط قبضہ پر حافط سعید پاکستانی فوج کے ساتھ بہت قریبی ربط رکھتے ہوئے کام کیوں کررہے ہیں ۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ’’عدالتوں نے حافظ سعید کو پہلے ہی بری کردیا ہے ، اور ان کے خلاف کوئی مقدمہ زیر سماعت نہیں ہے۔‘‘ ہندوستان کا کہنا ہے کہ حافظ سعید2008ء میں ممبئی میں دہشت پسندانہ حملوں کا اصل سازشی ہے ۔ اس حملہ کی سازش اور اس حملہ کا منصوبہ پاکستان کے باہر تیار کیا گیا تھا۔ان دہشت پسندانہ حملوں میں166افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ ان حملوں کے سلسلہ میں پاکستان میں جاری مقدمہ میں پیشرفت میں تاخیر پر ہندوستان نے بھی احتجاج کیا ہے ۔ حافظ سعید اپنی مخالف ہند تقاریر کے لئے جانے جاتے ہیں ۔ امریکہ نے انہیں دہشت گرد قرار دیا ہے ۔ حافظ سعید نے ہندوستان پر ’’آبی دہشت گردی‘‘ میں ملوث ہونے کا الزام بھی لگایا ہے ۔ غذائی بحران میں پاکستان کی مدد کرنے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے پیشکش کا حوالہ دیتے ہوئے حافظ سعید نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ’’ایک طرف تو حکومت ہند نے کسی اطلاع کے بغیر دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا ہے اور غلط اطلاع دی ہے اور دوسری جانبُ مضحکہ خیز بات تو یہ ہے کہ وہ(ہندوستان) مدد کا پیشکش کررہا ہے ۔ حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ کی ایک شاخ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے بارے میں سوالات پر ہائی کمشنر پاکستان نے کہا کہ’’ہم سبھی جانتے ہیں کہ خط قبضہ کے دونوں جانب تباہ کن سیلاب آئے ہیں۔ خطہ قبضۃ کے دونوں جانب کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہندوستان اور پاکستان میں تمام فلاحی تنظیمیں حکومتوں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔ ہمیں ایسے اقدامات پر ناقدانہ انداز میں نہیں بلکہ مثبت انداز میں نظر ڈالنی چاہئے ۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر جاریہ ماہ کے اواخر میں نیو یارک میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پاکسانی ہم منصب نواز شریف کے درمیان باہمی ملاقات کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ ہائی کمشنر پاکستان برائے ہند عبدالباسطنے آج یہاں یہ بات بتائی ۔ یہاں اکنامک فورم کے اجلاس سے خطاب کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’بحالت موجودہ تو ایسی تجویز نہیں ہے ۔‘‘ تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں ہند۔ پاک بات چیت دوبارہ شروع ہوسکتی ہے ۔
پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ہندوستان نے آج پاکستان کے ان ریمارکس پر شدید تنقید کی ہے کہ حافظ سعید کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے اور یہ کہ وہ(حافظ سعید) کہیں بھی گھومنے پھرنے کے لئے آزاد ہے ۔ ہندوستان نے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ سعید کو گرفتار کیاجائے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے یہاں کہا کہ نامزد دہشت گرد ایک’’بدی کا محور‘‘ ہے اور ممبئی حملوں کا سازشی ہے ۔ یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیم جماعت الدعوۃ کے صدر کو کیفر کردار تک پہنچائے ۔‘‘ حافظ سعید کے تعلق سے ہمارے نظریات بہت واضح ہیں۔ وہ ممبئی کی سڑکوں پر ہلاکتوں کے لئے ہندوستانی عدالت میں ایک ملزم ہے ۔ ہم نے پاکستان سے بار بار خواہش کی ہے کہ وہ حافظ سعید کو پکڑے اور اس کے خلاف معمول کی عدالتی کارروائی کرے ۔

No case against Hafiz Saeed: Pakistan High Commissioner to India Abdul Basit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں