نئے دارالحکومت پر چندرا بابو نائیڈو کا بیان موخر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-03

نئے دارالحکومت پر چندرا بابو نائیڈو کا بیان موخر

حیدرآباد
یو این آئی
آندھر اپردیش کے نئے دارالحکومت کے مقام کے بارے میں چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج اسمبلی میں اپنا بیان ملتوی کردیا حالانکہ چیف منسٹر کے بیان کا بے چینی سے انتظار کیاجارہا تھا ۔ وہ اب اپنا بیان جمعرات کو دیں گے کیونکہ آج جاری کیاجانے والا بیان مہورت نہ ملنے کی بناپر ملتوی کردیا گیا ۔ ریاستی وزیر پلاراؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے دارالحکومت کو تلگو دیشم کے بانی اور سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ کے نام سے موسوم کیاجانا چاہئے ۔ سمجھاجاتا ہے کہ نئے دارالحکومت کو تارک راما نگر کا نام دیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع گنٹور میں کئی کسان اس شرط پر نئے دارالحکومت کے لئے اپنی زمینات کا عطیہ دینے کے لئے تیار ہیں اگر اے پی کے نئے دارالحکومت کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کیاجائے ۔ واضح ہو کہ اے پی کا بینہ نے کل5,30گھنٹے طویل ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس کے دوران نئے دارالحکومت کے قیام کے لئے مقام کی نشاندہی کرنے مرکز کی تشکیل کردہ شیوراما کرشنن کمیٹی کی رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ وجئے واڑہ ، گنٹور کے درمیان دارالحکومت کے قیام کی حمایت کی جائے ۔ اس طرح شیوراما کرشنن کمیٹی کی سفارشات کو نظر انداز کردیا گیا جس میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ ایک سوپر سٹی کے قیام کے بجائے 3تا4 شہروں کو ترقی دیتے ہوئے وہاں مختلف مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کابینی فیصلہ کے بارے میں آج اسمبلی میں بیان دینے والے تھے ۔ قبل ازیں دن میں تمام سرکاری امور کے سربراہان کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ وجئے واڑہ میں عارضی دارالحکومت سے اپنا کام چلا نے کے امکانات تلاش کریں ۔ عہدیداروں سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ اس مقصد کے لئے درکار جگہ کی بھی تفصیلات فراہم کریں ۔ وزیر اچھن نائیڈو نے کہا کہ اے پی کا دارالحکومت وجئے وارڑہ کے آس پاس ہی ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقہ کے کسان ، حصول اراضی کے سلسلہ میں حکومت سے تعاون کریں گے ۔

'Ashtami' Stops Chandrababu Naidu From Capital Disclosure

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں