کشمیر میں انکاؤنٹر - 3 روپوش عسکریت پسند ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-03

کشمیر میں انکاؤنٹر - 3 روپوش عسکریت پسند ہلاک

سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کل رات سے ایک مکان میں روپوش تینوں عسکریت پسند سیکوریٹی فورسس کے ساتھ گھمسان کے انکاؤنٹر میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ہم نے اس گھر کے ملبہ سے تینوں عسکریت پسندوں کی نعشیں برآمد کرلی ہیں ۔ لڑائی کے دوران یہ گھر تباہ ہوگیا ۔ ایک ایس ایل آر ، ایک اے کے رائفل اور دیگر ہتھیار ضبط کئے گئے ہیں ۔ اس علاقہ میں تلاشی مہم ہنوز جاری ہے ، کیونکہ سیکوریٹی فورسس اسے دھماکو اشیاء سے پاک کرنا چاہتی ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا جہ فون و جموں و کشمیر پولیس نے تین عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر پلوامہ کے موضع ہنجن میں مشترکہ کارروائی شروع کی تھی ۔ جب سیکوریٹی فورسس کل رات دیر گئے موضع کے اس مخصوص علاقہ کی طرف بڑھ رہی تھیں تو عسکریت پسنوں نے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی ۔ ان کی مدد کے لئے مزید کمک روانہ کی گئی اور اس علاقہ کے محاصرہ کو مزید سخت کردیا گیا تاکہ عسکریت پسندوں کی بچ نکلنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایاجاسکے ۔ صبح کی پہلی کرن کے ساتھ ہی سیکوریٹی فورسس نے دوبارہ حملہ شروع کردیا اور بندوقوں کی لڑائی جاری رہی ۔ ابتدائی حملہ میں ایک عسکریت پسند مارا گیا ، کچھ دیر بعد دوسرے عسکریت پسند کو بھی ہلاک کردیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسند جس مکان سے فائرنگ کررہے تھے اسے دھماکہ سے اڑا دیا گیا ۔ تیسرے عسکریت پسند کی نعش بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق سیکوریٹی فورسس نے پلوامہ میں ہجوم کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس شل برسائے۔ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع عام ہوتے ہی عوام بشمول خواتین اور بچے راج پورہ میں سڑکوں پر نکل آئے اور مین روڈ مسدود کردی ۔ وہ موافق آزادی نعرے لگارہے تھے۔ بہر حال جب مظاہرین نے منتشر ہونے اور ٹریفک کی آمدورفت کو بحال کرنے کی اجازت نہیں دی تو سیکوریٹی فورسس نے لاٹھی چارج شروع کردیا ۔ جس کا کوئی اثر نہیں ہوا ۔ قریبی علاقوں کے لوگ بھی ہجوم میں شامل ہوگئے ۔ سیکوریٹی فورسس نے دوبارہ مجتمع ہونے اور سنگباری کرنے والے ہجوم کو منشتر کرنے آنسو گیس شل برسائے ۔

اس دوران یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وادی کشمیر میں گزشتہ دو تین روز سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ بارش کے ساتھ ساتھ وادی بھر میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس کی وجہ سے لوگ گرم کپڑے پہننے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ لوگوں نے سردی سے محفوظ رہنے کے لئے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردیا ہے اور منگل کی صبح بیشتر افراد کو سویٹروں میں ملبوس دیکھا گیا۔ وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں6ڈگری کی کمی واقع ہوئی ہے ۔ رپورٹوں کے مطابق وادی کشمیر میں بارش کی وجہ سے سینکڑوں شادی بیاہ کی تقریبات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ بارش اور خنک ہواؤں کی وجہ سے مالکان باغات اور کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ بے وقت ٹھنڈی لہروں اور بارشوں سے میوہ باغات اور دھان کی فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت23.1یعنی معمول سے6ڈگری کم اور کم سے کم درجہ حرارت14.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.2جب کہ ککرناگ میں12.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

Jammu and Kashmir: 3 JeM militants killed in Pulwama

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں