نریندر مودی کی جانب سے اقوام متحدہ کی تنظیم نو کا مطالبہ متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-22

نریندر مودی کی جانب سے اقوام متحدہ کی تنظیم نو کا مطالبہ متوقع

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اقوام متحدہ اسمبلی میں دئیے جانے والے خطاب کے بارے میں توقع کی جارہی ہے کہ ان کا خطاب دوررس نتائج کا حامل ہوگا ۔ آئندہ ہفتہ امریکی صدر بار ک اوباما سے متوقع بات چیت میں ہند امریکی سول جوہری پروگرام کے بارے میں بات چیت کی جائے گی ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق معلوم ہوا کہ وزیر اعظم مودی 25ستمبر کو اپنے پروگرام، میک ان انڈیا‘ مہم (جس کا بنیادی ہدف یہ ہے کہ مینو فیکچرنگ شعبے میں ملازمتیں پیدا کی جائیں) لانچ کرنے کے کچھ ہی دیر بعد اپنے طویل امریکی دورے پر روانہ ہوں گے ۔ اپنے امریکہ دورے میں وزیر اعظم اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ فرانکفرٹ میں ایک رات قیام کریں گے ۔26ستمبر کو وزیر اعظم کی پرواز نیویارک متوقع ہے اور جہاں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں ان کا خطاب ہوگا ۔ اس کے ساتھ کچھ بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کریں گے ۔ اقوام متحدہ میں ان کا خطاب27ستمبر کو ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہندی زبان میں خطاب کریں گے ۔ اس تقریر کے بعد وہ ہندوستان کے دوسرے وزیرا عظم ہوں گے جس نے اقوام متحدہ میں ہندی میں خطاب کیا۔ یاد رہے کہ سب سے پہلے اس مقام پر اٹل بہاری واجپائی جی نے ہندی میں خطاب کیا تھا ۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر وزیر اعظم سے یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ وہ دنیا کے بڑے بڑے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقات کریں گے ۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ان کی ملاقات طے ہوچکی ہے جب کہ دوسرے عالمی رہنما سے بات چیت جاری ہے ۔
تاہم وزیر اعظم اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اپنے اس دورے میں وزیر اعظم گراؤندزیرو کا معائنہ بھی کریں گے جہاں9/11کے دہشت گردانہ حملے کے بعد ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت زمین بوس ہوگئی تھی ۔ نیز وہ9/11میوزیم کا بھی معائنہ کریں گے جس کا افتتاح صدر اوباما نے مئی میں انجام دیا تھا۔ وزیر اعظم ، عالمی رہنماؤں یعنی بان کیمون( یو این سکریٹری جنرل) بنگلہ دیشی وزیر اعظم، عالمی بینک کے صدر جم یان کم ، وزیر اعظم ناروے ارنا سلبرج ، نیپالی وزیر اعظم سوشیل کوئرالہ سے اس عالمی تقریب میں ملاقات کریں گے ۔ 28ستمبر کو وہ ہند امریکہ کموینٹی میں ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گے جو مین بٹن میں مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد ہوگا جس میں20000لوگوں کی شرکت متوقع ہے ۔ اس کے بعد وزیرا عظم مودی واشنگٹن کے لئے پرواز کریں گے جہاں وہ بارک اوباما اور دیگر امریکی رہنماؤں سے بات چیت کریں گے ۔ نیز امریکی ایوان نمائندگان ، سینٹ کے ساتھ ساتھ امریکی کانگریس میں موجود ہندوستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم 29اور30ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں اوباما سے بھی ملیں گے اس ملاقات میں ایک چھوٹا سا ڈنر بھی متوقع ہے ۔ امریکی وزیرا عظم اوباما شاذ و نادر ہی کسی وزیر اعظم کو ضیافت کی دعوت دیتے ہیں۔ اس ملاقات میں یہ حضرات دو طرفہ معاملات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کریں گے ۔ وزیر اعظم اوباما کے علاوہ امریکی نائب صدر جوائی بڈن اور ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بیو ہنر سے بھی ملیں گے ۔

Modi to call for restructuring UN; discuss nuke cooperation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں