مسلمانوں کی سماجی معاشی تعلیمی ترقی کے لئے وقف جائیدادوں پر تعمیرات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-10

مسلمانوں کی سماجی معاشی تعلیمی ترقی کے لئے وقف جائیدادوں پر تعمیرات

مسلمانوں کی فلاح کے لئے سرکار نے ایک انوکھا پروگرام تیار کیا ہے جس کے تحت قومی تعمیراتی کارپوریشن( این بی سی سی) وقف جائیدادوں پر تعمیرات کرے گی جس سے سالانہ12ہزار کروڑ کی آمدنی ہونے کی توقع ہے ۔ ان تعمیرات سے ہونے والی آمدنی کا استعمال مسلم فرقہ کی سماجی معاشی اور تعلیمی ترقی کے لئے کیاجائے گا ۔ اس ضمن میں قومی وقف ترقیاتی کارپوریشن لمٹیڈ نے آج یہاں سرکار کی طرف سے چلائی جانے والی این بی سی سی کے ساتھ معاہدہ و مفاہمت پر دستخط کردیے ہیں ۔ اس موقع پر اقلیتی امور کی وزیر نجمہ ہبت اللہ شہری ترقی کے وزیر وینکیا نائیڈو نیز وزارتوں ، کارپوریشنوں کے سینئر عہدیدارموجود تھے ۔ اس موقع پر بلوتے ہوئے ڈاکٹر ہبت اللہ نے کہا کہ دنیا میں کسی ملک کے پاس اتنی وقف جائیدادیں نہیں ہیں جتنی کہ ہندوستان میں ہیں۔ ملک بھر میں وقف جائیدادوں کا کل رقبہ چھ لاکھ ایکڑ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد وقف املاک قیمتی شہری زمینوں پر ہیں جن سے سالانہ12ہزا رکروڑ آمدنی حاصل ہونے کی گنجائش موجود ہے جس سے مسلمانوں کی معاشی ، سماجی اور تعلیمی فلاح و بہبود کے بہت سے کام ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس پیسے سے اسکول کالج اور ہسپتال جیسے مختلف ادارے قائم ہوسکتے ہیں ۔
مسز نجمہ نے بتایا کہ تعمیراتی کمیٹی کے ساتھ معاہدے سے وقف جائیدادوں کی تعمیر میں مدد ملے گی ۔ ڈاکٹر ہبت اللہ نے بتایا کہ وقف ترقیاتی کارپوریشن نے کئی مہینوں کی نشاندہی کی ہے جن سے ایک دہلی میں چار بھوپال میں اور سات بنگلور میں ہیں ۔ ان پر ادارں ، رہائش اور تجارتی پروجیکٹوں کے لئے تعمیر کیاجائے گا۔ ملک کے مختلف حصوں میں وقف کی املاک پر بڑے پیمانے پر ناجائز قبضوں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر ہبت اللہ نے اعتماد ظاہر کیا کہ موجودہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں ایک ایسا بل منظور کرانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی ۔ جس سے زمینوں پر سے ان غیر قانونی قبضوں کو ہٹایاجاسکے گا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی وزارت ملک بھر کے وقف بورڈوں کی اراضی کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دے گی تاکہ ان املاک کے کاغذات میں ہیر پھیر نہ کی جاسکے اور ان کا تحفظ ہوسکے۔ قومی ترقیاتی کارپوریشن نے اقلیتی امور کی وزارت کے زیر نگرانی500کروڑ کا ایک فنڈ قائم کیا ہے تاکہ ملک میں وقف جائیدادوں پر تعمیر ہو اور ان سے ہونے والی آمدنی کا استعمال مسلم فرقہ کی فلاح و بہبود پر کیا جاسکے ۔

NBCC to develop Waqf properties for empowering Muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں