ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل پروجیکٹ نہیں چھوڑ رہی ہے - حکومت تلنگانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-18

ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل پروجیکٹ نہیں چھوڑ رہی ہے - حکومت تلنگانہ

حیدرآباد
آئی اے اینا یس
حکومت تلنگانہ نے آج اس بات کی تردید کی کہ انفراسٹرکچر کی بڑی کمپنی لارسن اینڈ ٹوبرو، حیدرآباد میٹرو پراجکٹ کی تعمیر سے دستبردار ہورہی ہے ۔ سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کا تعمیری کام جاری ہے اور ایل ایند ٹی نے پراجکٹ چھوڑ دینے کی کوئی دھمکی نہیں دی ہے ۔ یہ اطلاعات گشت کررہی تھیں کہ ایل ایند ٹی میٹرو ریل(حیدرآباد) لمٹیڈ نے حکومت تلنگانہ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دوراہداریوں پر کام روک دیے جانے کے باعث کمپنی کو روزانہ2کروڑ روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔حیدرآبا میٹروریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے اس سلسلہ میں آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور چیف سکریٹری راجیو شرما سے ملاقات کی ۔
واضح ہو کہ حیدرآباد میٹرو ریل، حکومت تلنگانہ کی ایجنسی ہے جب کہ ایل ایند ٹی میٹرو ریل(حیدرآباد)لمٹیڈ ایک کنسورشیم ہے جو14132کروڑ روپے کی لاگت سے شہر میں72کلو میٹر طویل ایلی ویٹیڈ میٹرو ریل پراجکٹ کی تعمیر میں مصروف ہے ۔ این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ پراجکٹ کے تعمیری کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔ انہوں نے پراجکٹ کے مستقبل کے بارے میں اندیشوں کو دور کرتے ہوئے بتایا کہ تعمیر ، شیڈول کے مطابق مکمل کرلی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل ایند ٹی اور حکومت کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر رابطہ برقرار ہے اور وہ کمپنی کے تمام مکتوبات کا جواب دے رہے ہیں۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر بہت جلد اس مسئلہ پر اپنا رد عمل ظاہر کریں گے ۔ ریاستی وزیر نے جو چیف منسٹر کے فرزند ہیں کہا کہ یہ افواہیں اپوزیشن پارٹیوں کی ایک سازش ہے جو پ راجکٹ کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کررہی ہیں تاکہ ٹی آر ایس حکومت کا امیج بگاڑا جاسکے ۔
ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد لمٹیڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور منیجنگ ایڈیٹر وی بی گیڈ گل نے ایک مبینہ مکتوب میں چیف سکریٹری کو روانہ کیا گیا تھا، دو راہداریوں میں راستہ کی تبدیلی کی چیف منسٹر کی تجویز پر وضاحت طلب کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ان دو راہداریوں پر کام رکا ہوا ہے ۔، جس کے نتیجہ میں کمپنی کو روزانہ 2کروڑ روپے کا خسارہ ہورہا ہے ۔ کمپنی نے مزید کہا کہ راستہ میں تبدیلی سے متعلق اسے کوئی سرکاری مراسلہ حاصل نہیں ہوا ہے تاہم کام روکے جانے سے پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر ہورہی ہے ،۔ وی بی گیڈ گل نے اس ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ میٹرو ریل پراجکٹ بہت نازک موڑ پر پہنچ گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا تھا کہ پراجکٹ کی تعمیری لاگت میں2500کروڑ تا3ہزار کروڑ روپے کا اضافہ ہوچکا ہے جس کے لئے انہوں نے افراط زر ، شرح سود میں اضافہ اور دیگر عناصر کو ذمہ دار قرار دیا ۔ کمپنی ، پراجکٹ کی تعمیر پر تا حال5ہزار کروڑ روپے صرف کرچکی ہے۔ پراجکٹ کا28فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ اپوزیشن کانگریس اور تلگو دیشم پارٹی نے الزام عائد کیا تھا کہ چیف منسٹر کے دباؤ کے باعث ایل اینڈ ٹی ، پراجکٹ چھوڑنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ کانگریس قائد محمد علی شبیرنے کہا تھا کہ پراجکٹ کی تعمیر میں تاخیر، برانڈ حیدرآباد کو بری طرح متاثر کرے گی۔ تلگو دیشم قائد ریونت ریڈی نے کہا تھا کہ اگر ایل اینڈ ٹی پراجکٹ چھوڑ دیتی ہے تو شہر کو آنے والے سرمایہ پر اثر پڑے گا۔انہوں نے اس مسئلہ پر ایک کل جماعتی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔

Telangana denies L&T pulling out of Hyderabad Metro project

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں