کشمیرمیں سیلابی علاقوں سے پانی کے اخراج کا عمل شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-16

کشمیرمیں سیلابی علاقوں سے پانی کے اخراج کا عمل شروع

سری نگر
پی ٹی آئی
شہر کے راج باغ اور جواہر نگر علاقوں سے بڑے پیمانے پر پانی کے اخراج کی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ سیلاب سے یہ پورا علاقہ زیر آب آگیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ تقریباً30واٹر پمپس کے ذریعہ پانی نکالا جارہا ہے ۔ آئیل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن نے بھی دو ہیوی ڈیوٹی پمپس فراہم کئے ہیں۔ وزارت داخلی امور کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ راج باغ اور اطراف کے علاقوں سے پانی کی نکاسی کی مہم جنگی پیمانے پر انجام دی جارہی ہے ۔ اعلی عہدیدار مہم کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ دریائے جہلم میں گزشتہ5روز کے دوران سطح آب میں تیزی سے کمی آئی جس کے بعد اطراف کے علاقوں سے پانی نکالنے کی مہم شروع کرنا ممکن ہوسکا۔ محکمہ فائر و ایمر جنسی خدمات نے بھی راج باغ ، جواہر نگر ، گوگجی باغ اور اخراج پورہ کے علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے تقریباً20فائر انجن مصروف کردیے ہیں ۔ شہر میں یہ علاقے بری طرح متاثر ہوئے ۔ علاقہ کا بیشتر حصہ نچلی سطح پر واقع ہے جس کی وجہ سے پانی کی نکاسی میں کافی وقت لگے گا۔
بیشتر علاقوں میں پانی کی سطح میں8تا10فٹ کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود زیریں علاقوں میں ہنوز10فیٹ پانی جمع ہے ۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مزید ہیوی ڈیوٹی واٹر پمپس نصب کئے جائیں گے ۔ جموں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں سے تا حال2.26لاکھ افراد کو بچالیا گیا جب کی امداد و راحتی مہم14ویں دن میں داخل ہوگئی ہے ۔ دفاعی ترجمان ایس ڈی گو سوامی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے2.26لاکھ افراد کو مسلح افواج اور این ڈی آر ایف نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے جن میں سے1.40لاکھ افراد کو فوج نے بچایا ۔ اسی دوران جموں۔ سری نگر قومی شاہرہ مسلسل12ویں دن سیلاب کی وجہ سے مسدود ہے ۔ جس کے نتیجہ میں شمالی اور جنوبی کشمیر کے علاقہ میں عوام کو اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ ان علاقوں کے عوام نے انہیں حکومت کی جانب سے نظر انداز کردینے کی شکایت کی ہے ۔

وادی کشمیر میں ریل خدمات بحال
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ریلوے نے جموں و کشمیر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث تباہ ہونے والے بارا ملا، سری نگر، بینی ہال ریل راستے کو درست کرکے آج سے اس پر جزوی طور پر ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کردی ہے ۔ شمالی ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریلوے انجینئروں نے دن رات کڑی محنت کرکے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریل لائن کو درست کردیا ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ بڈگام سے12بجے پہلی ڈی ایم یو ٹرین بارہمولہ کے لئے روانہ ہوئی ۔ واپسی میں یہ سری نگر تک جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال سری نگر سے بارامولہ کے بیچ آٹھ ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ سری نگر سے اننت ناگ، قاضی کنڈ ، بینی ہال روٹ پر جلد ہی ٹرین کی آمد و رفت بحال کردی جائے گی۔ اسی دوران جموں ۔ سری نگر300کلو میٹر طویل قومی شاہراہ جو وادی تک ضروری اشیاء فراہم کرنے کا واحد راستہ ہے مسلسل دو ہفتوں سے مسدود ہے ۔

JK floods: Water levels recede, rescue ops pick up momentum

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں