داعش کا قیام امریکہ اور اسرائیل کے اشاروں پر کیا گیا - فیڈل کاسترو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-03

داعش کا قیام امریکہ اور اسرائیل کے اشاروں پر کیا گیا - فیڈل کاسترو

ہوانا(کیوبا)
یو این آئی
کیوبا کے کرشمائی لیڈر اور سابق صدر فیڈل کاسترو نے الزام عائد کیا ہے کہ عراق میں انتہا پسند گروپ دولت اسلامیہ(داعش) کا قیام امریکہ اور اسرائیل کے اشاروں پر کیا گیا ہے ۔روسی ٹیلی ویژن کی ایک خبر کے مطابق فیڈل کاسترو نے کیوبا کے سرکاری ذرائع ابلاغ میں شائع اپنے کالم میں لکھا ہے کہ امریکی سینیٹ کے سینئر رکن اور2008کے انتخابات میں صدارتی امید وار جان مک کین اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کی حمایت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ مک کین نے داعش کے قیام کے لئے موساد کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ واضح رہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش نے عراق کے ایک خطیر حصہ اور شام کے تقریباً ایک تہائی حصے پر قبضہ کر رکھا ہے ۔ کیوبا کے سابق صدر نے شمالی اوقیانوسی معاہداتی تنظیم( ناٹو) پر بھی سخت حملے کئے اور اس کے حالیہ بیانات کا موازنہ نازیوں کے نظریات سے کیا۔ انہوں نے اس کے اتحادی ممالک پر الزا م لگایا ہے کہ وہ دنیا بھر میں تشدد بھڑکا کر اپنا الو سیدھا کررہے ہیں ۔ انہوں نے یوکرین کے معاملے کے پیش نظر ناٹو ممالک کے ذریعہ اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کے فیصلہ پر کہا کہ بہت سے لوگوں کو اس تناظر میں ناٹو ممبران کے ترجمان کے بیانات سن کر نازیوں کے بیانات اور ان کے چہرے کی یاد آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہٹلر کی اپنے سامراج کو غیر معمولی توسیع دینے کی لالچ نے اسے آخر کار تاریخ میں رسوا کیا اور اب اس روش پر ناٹو کے ممبران بھی گامزن ہیں ۔ انہوں نے کیوبا کے خلا ف امریکی پابندیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ کسی قوم کو سب سے بڑی قیمت اس وقت چکانی پڑتی ہے جب وہ اس دشمن کے آگے گھٹنے ٹیکتی ہے جو اس پر بلا وجہ حملہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کیوبا کے لوگوں کی امریکی پابندیوں کے باوجود صبروتحمل کا اظہار کرنے کی تعریف کی ۔

Fidel Castro: Israel, US Created ISIS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں