ہند اور ویتنام کے مابین 7 معاہدوں پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-16

ہند اور ویتنام کے مابین 7 معاہدوں پر دستخط

ہنوئی
آئی اے این ایس
ہندوستان اور ویتنام نے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے قریب آنے اپنے ارادوں کا اظہار کرتے ہوئے آج7معاہدوں پر دستخط کیے ، جن میں دونوں ملکوں کے دارالحکومت کے درمیان راست پروازوں ، تیل کی کھوج ، اور دفاعی سازوسامان کی خریداری کے لئے قرض کی مدت میں توسیع کا معاہدہ بھی شامل ہے ۔ ان معاہدوں پر دستخط دورہ کنندہ ہندوستانی صدر پرنب مکرجی اور ان کے ویتنامی ہم منصب ٹرانگ ٹان سانگ کی موجودگی میں کیے گئے ۔ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں قائدین نے حکمت عملی شراکت داری کی اساس پر باہمی تعاون کو مستحکم اور گہرا کرنے سے اتفاق کیا، جس کے دوران سیاست ، دفاع و سیکوریٹی تعاون ، معاشی تعاون، سائنس و ٹکنالوجی ، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں ، تکنیکی تعاون اور کثیر رخی و علاقائی تعاون پرتوجہ مرکوز کی جائے گی ۔ دونوں قائدین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سلامتی تعاون، حکمت عملی شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے ۔ انہوں نے اس شعبہ میں دونوں ملکوں کے درمیان جاریہ تعاون پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ دفاعی سازو سامان کی خریدی کے لئے ہندوستان نے ویتنام کو100ملین ڈالر کی لائن آف کریڈیٹ کے لئے جس یادداشت مفاہمت پر دستخط کی ہے، اس کی وجہ سے تعاون کے نئے باب کھلیں گے ۔تمام7معاہدوں پر ہندوستانی صدر پرنب مکرجی اور ان کے ویتنامی ہم منصب کی موجودگی میں دستخط کیے گئے ۔ فضائی خدمات معاہدہ پر جٹ ایرویز اور ایرویتنام نے دستخط کیے، جب کہ او این جی سی کی سمندر پار شاخ او وی ایل اورپٹروویتنام نے ویتنام کے ساحل سے دور تیل کے دو اضافی بلاکس کی کھوج سے متعلق معاہدہ پر دستخط کیے۔ دیگر معاہدے زرعی تعاون ، جانوروں کی صحت میں تعاون ، کسٹمز میں تعاون نوجوانوں کے امور اور مہارتوں کے فروغ سے متعلق ہیں ۔ معاہدوں پر دستخط کے بعد گویل نے کہا کہ فضائی خدمات معاہدہ بے حد منافع بخش ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ راست پروازوں کا آغاز5نومبر سے وہگا اور اس کے لئے بلنگس دوبارہ شروع ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بوئنگ737-800طیاروں کا استعمال کیاجائے گا اور یہ روزانہ پرواز کرے گا۔ انہوں نے اس کی کامیابی پر مکمل یقین ظاہر کیا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ویتنا م کے چار روزہ دورہ پر ہیں، جس کا اتوار سے آغاز ہوا۔

India, Vietnam Seal 7 Agreements To Further Boost Bilateral Ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں