ہند اور روس باہمی تال میل مزید بڑھانے پر متفق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

ہند اور روس باہمی تال میل مزید بڑھانے پر متفق

ہندوستان اور روس نے آج دفاع ، توانائی، سلامتی ، تجارت اور سرمایہ کاری جیسے کلیدی شعبوں میں تال میل کے بشمول باہمی تعلقات کا مکمل طور پر از سر نو نوجائزہ لیا ۔ نیز دونوں ممالک نے اسٹراٹیجک اور تعلقات میں تازہ دم خم بھرنے سے بھی اتفاق کیا۔ ایس سی او کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج اور ان کے روسی ہم منصب سرجئی لاؤروف نے یوکرین ، عراق اور افغانستان کے علاوہ روسی صدر ولادیمیرپوٹین کے رواں برس کے اواخر میں دورہ نئی دہلی جیسے موضعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سوراج اور لاوروف نے اقتصادی تعاون اور انرجی سیکوریٹی جیسے مسائل کے علاوہ مشترکہ پراجکٹس کے نفاذ پر بھی بات چیت کی۔ دونوں قائدین نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہندستان کی نئی حکومت کے تحت دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے ۔
دونوں لیڈرس نے یہ احساس ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات میں مزید بہتری کی گنجائش ہے ۔ روس، یوکرین بحرا ن کے پیش نظر توقع ہے کہ ہندوستان اور چین جیسے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔ سوراج اور لاوروف نے وزیرا عظم نریندر مودی اور روسی صدر پوٹین کے درمیان رواں برس ہونے والی ملاقات کے تعلق سے بھی بات چیت کی ۔ توقع ہے کہ اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کو مزید بہتربنانے کے فیصلوں کا اعلان کریں گے ۔ ہندوستان اور روس کے مابین تاحال سالانہ میٹنگس کا14مرتبہ انعقاد عمل میں آچکا ہے جو وقفہ وقفہ سے دونوں ممالک میں منعقد ہوئی ہیں۔ پچھلا اجلاس21اکتوبر2013ء کو ماسکو میں ہوا تھا ، جس میں اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے شرکت کی تھی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں