ہریانہ اور مہاراشٹرا میں 15 اکتوبر کو اسمبلی انتخابات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

ہریانہ اور مہاراشٹرا میں 15 اکتوبر کو اسمبلی انتخابات

کانگریس کی زیر اقتدار ریاستوں ہریانہ اور مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات 15اکتوبر کو منعقد ہوں گے جب کہ جمو ں و کشمیر اور جھار کھنڈ میں اسمبلی انتخابات کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ چیف الیکشن کمیشن وی ایس سمپت نے آج یہاں دونوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان دونوں ریاستوں میں انتخابات ایک ہی دن ہوں گے جب کہ ووٹوں کی گنتی 19اکتوبر کو ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جموں و کشمیر اور جھار کھنڈ میں اسمبلی انتخابات کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ ان دونوں ریاستوں میں اسمبلی کی مدت کار جنوری2015ء میں ختم ہوگی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر میں اچانک سیلاب آنے کی وجہ سے وہاں پہلے صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیاجائے گا۔ سمپت نے بتایا کہ ہریانہ اسمبلی کی مدت27اکتوبر کو ختم ہونے والی ہے اور مہاراشٹرا اسمبلی کی مدت8نومبر کو ختم ہوگی ۔ اس لئے ان دونوں ریاستوں میں انتخابات کا اعلان کیاجارہا ہے تاکہ اسمبلی کی مدت کار ختم ہونے سے قبل نئی اسمبلی کی تشکیل دی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کا اعلامیہ20ستمبر کو جاری کیاجائے گا اور 27ستمبر تک پرچہ نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے ۔29ستمبر کو پرچہ نامزدگی کی جانچ ہوگی اور نام واپس لینے کی آخری تاریخ یکم اکتوبر ہے ۔ دونوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق آج سے نافذ ہوگیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کسی ریاست میں پہلی مرتبہ اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں ۔
مہاراشٹراکی بیڑ لوک سبھا نشست کے لئے ضمنی انتخاب اسمبلی انتخابت کے ساتھ ہی15اکتوبر کو ہوگا۔ یہ نشست مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کی موت کی وجہ سے خالی ہوئی ہے ۔ مہاراشٹرا میں اسمبلی کی288اور ہریانہ میں90نشستیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان دونوں ریاستوں میں رائے دہندگان کی فہرست کی تیاری کا کام مکمل ہوچکا ہے لیکن الیکشن کا نوٹفیکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے پہلے تک اس فہرست میں ووٹر اپنا نام شامل کروا سکتے ہیں۔ سمپت نے بتایا کہ15اکتوبر کو ہی گجرات، ناگا لینڈ، منی پور ، ارونا چل پردیش اور اتر پردیش کی ایک ایک اسمبلی نشست پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے اور اسی دن مہاراشٹرا کی بیڑ لوک سبھا نشست کے لئے ضمنی انتخابات بھی ہوں گے لیکن اڈیشہ کی کندھا مل پارلیمانی نشست کے ضمنی انتخاب کے لئے اعلامیہ19ستمبر کو جاری ہوگا اور پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27ستمبر ہوگی اور نامزدگی واپس لینے کی تاریخ29ستمبر مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی الیکشن کے دوران ہر ضلع میں کچھ مثالی پولنگ مراکز بنائے جائیں گے ۔ ہر بلاک میں کم از کم ایک مثالی پولنگ مرکز ضرور ہوگا ۔ ووٹنگ میں رائے دہندگان نوٹا کا بھی استعمال کرسکیں گے ۔ ووٹروں میں ایس ایم ایس کے ذریعہ ووٹنگ کے لئے بیداری پیدا کی جائے گی اور ان کے لئے ایک ہیلپ لائن بھی ہوگی ۔ مہاراشٹرا کی288نشستوں میں 29درج فہرست ذات اور25درج فہرست قبائل کے لئے محفوظ ہیں ۔ جب کہ ہریانہ کی90نشستوں میں17درج فہرست اور 9درج فہرست قبائل کے لئے محفوظ ہیں۔ مہاراشٹرا میں جملہ8کروڑ25لاکھ ووٹر ہیں جبکہ ہریانہ میں19کروڑ61لاکھ ووٹر ہیں۔

Assembly elections in Maharashtra, Haryana on Oct 15

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں