تلنگانہ پولیس - خواتین پر حملوں پر قابو پانے کے لئے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-16

تلنگانہ پولیس - خواتین پر حملوں پر قابو پانے کے لئے کوشاں

حیدرآباد
آئی این این
ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ انوراگ شرما نے آج اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس، خواتین پر حملوں اور دیگر صنفی جرائم پر قابو پانے کے لئے کئی اقدامات متعارف کروارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف جنگ، ٹریفک مینجمنٹ ، خواتین کے خلاف جرائم میں تخفیف، ضعیفوں اور بچوں پر حملوں پر قابو پانے کے لئے عوام دوست اقدامات متعارف کروانے میں پولیس کی مدد کرنے کے لئے عوام سے تعاون مطلوب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹاسک فورس اور سیول سوسائٹی کے نمائندوں کے بشمول ماہرین کی ایک داخلی کمیٹی ، عوام سے موصول ہونے والی تعمیری تجاویز اور رائے کا جائزہ لے گی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس، عصمت ریزی ، خواتین سے چھیڑ چھاڑ، زنجیریں چھیننے وغیرہ جیسے واقعات اور خواتین پر حملوں پرقابو پانے کے لئے کئی اہم اقدامات کا آغاز کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔
ڈی جی پی نے کہا کہ تلنگانہ پولیس محکمہ، پولیس فورس میں مزید خواتین کے تقررات کے ذریعہ خواتین پولیس اسٹیشنس کی تعداد میں مزید اضافہ کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ شکایت کی وصولی اور ہنگامی معاملات میں کارروائی کرنے کے لئے24x7کی اساس پر ایک خاتون رسپشنسٹ کے ساتھ چند خاتون کانسٹبلس پر مشتمل ایک خواتین ڈیسک کی تمام پولیس اسٹیشنس میں فوری تشکیل کی تجویز ہے ۔ ہر پولیس اسٹیشن میں محکمہ بہبودی خواتین و اطفال ، سوسائٹی برائے انسداد دیہی غربت (ایس ای آر پ ی) اور سوشیل ایکشن کمیٹیوں سے تال میل کے ساتھ ہر پولیس اسٹیشن میں خاتون کونسلرس کے تقرر کی تجویز ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ محکمہ پولیس ، خواتین پر حملوں کا مطالعہ کرنے اور خواتین کے تحفظ کے لئے اقدامات کی سفارش کرنے کے لئے پونم مال کونڈیا آئی اے ایس کی صدارت میں ایک خصوصی کمیٹی سے بھی محکمہ پولیس تجاویز حاصل کرے گا۔
محکمہ، مقدمات کی بہتر ریکارڈ نگ اور آیف آئی آر کی فائلنگ کے لئے ہر پولیس اسٹیشن میں ایک لیگ اڈوائزر کے تقرر کا بھی منصوبہ رکھتا ہے ۔ تمام پولیس اسٹیشنس میں تحقیقات کے اخراجات کے اضافہ کی تجویز ہے تاکہ محکمہ پولیس کسی حد تک تحقیقات کی لاگت کی تکمیل کرے اور اخراجات کا لحاظ کئے بغیر مقدمات کا آغاز کرسکے۔ پولیسنگ اور تقررات کے معیار میں بہتری لانے کے لئے انتخاب کے دوران امیدواروں کے لئے فطری رجحان کی آزمائش جانچ اور فزیکل ٹیسٹ کے انعقاد کی تجویز ہے۔
تلنگانہ پولیس نے ٹریفک اور جرائم کی تفتیش کے بیرونی ممالک میں اختیار کئے جانے والے عصری اور سائنٹفک تکنیکوں کو اختیار کیا ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ عوام سے تعمیری تجاویز طلب کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ضرورت ہو تو اصلاحی اقدامات کئے جائیں اور موجودہ نظام کی تجدید میں جدت پیدا کی جائے۔ ڈی جی پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کو یہ تجاویز دیں کہ وہ معاشرہ کی خدمت میں مزید قابلیت اور اہلیت کے ساتھ کیسے کام کرسکتی ہے اور عوام سے قریب ہوسکتی ہے اور یہ تجاویز تلنگانہ پولیس کے فیس بک اکاؤنٹ ’’Telangana State Police‘‘ یا ای میل dgptelangana@nic.in کے ذریعہ بھی جاسکتی ہیں ۔ اس پریس کانفرنس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کے علاوہ اعلیٰ پولیس عہدیداران میسرز ستیہ نارائن، چاروسنہا ، سواتی لکرا، سیوادھرریڈی اور حیدرآباد اور سائبرآباد کے کمشنر ان پولیس مہیندر ریڈی اور سی وی آنند نے بھی شرکت کی ۔

DGP Telangana announces steps to contain attacks on women

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں