چینی صدر کا دورہ - ہندوستان میں 100 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-15

چینی صدر کا دورہ - ہندوستان میں 100 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

نئی دہلی
یو این آئی
آئندہ ہفتہ ایشیا پیسفک کا خطہ خبروں کا موضوع بنے گا جیسا کہ چینی صدرزی جن پنگ ہندوستان کا دورہ کریں گے ۔ امید ہے کہ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تئیں ایک نیا روڈ میاپ تیارکیاجائے گا۔ اور ان دو ابھرتی عالمی معیشتوں کے درمیان وسیع تعلقات قائم ہوں گے ۔ چینی صدر کے اس دورہ سے قبل ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی جاپان کا5روزہ دورہ کرچکے ہیں ، جہاں انہوں نے اپنے جاپانی ہم منصب سے بات چیت کرتے ہوئے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ ’’توسیع پسندانہ‘‘ نظریات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ تاہم چین نے نریندر مودی کے اس بیان پر محتاط رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملہ کو ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں تعطل کی وجہ نہیں مانتا۔ چینی تجزیہ نگاروں کے نزدیک بھی چینی صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم باب ہوگا، جہاں اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ آیا چینی صدر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو وسیع کرتے ہیں یا اس کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اگر چینی صدر کے اس دورہ میں سرحدی مسئلہ پر کوئی بات چیت ہوتی ہے تو یہ اس دورہ کا سب سے بڑا حاصل ہوگا ۔ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی مسئلہ سب سے اہم موضوع ہے اور بالخصوص ایسے وقت اس کی اہمیت بڑھ جاتی ہے جب ہندوستانی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ چین میں کہا کہ اگر چین متحدہ ہندوستان کی حمایت کرتا ہے تو ہندوستان بھی متحدہ چین پالیسی کی حمایت کرنے کے لئے تیار ہے جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ چین ارونا چل پردیش پر اپنے دعوے سے دستبردار ہوجائے۔ قومی سیکوریٹی مشیر اجیت دوول ، چینی صدر کے اس دورہ کو قطعیت دینے کے لئے بیجنگ پہنچے ۔ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب سے بات کی اور امیدظاہر کی کہ اس دورہ کے کافی اہم نتائج برآمد ہوں گے ۔ نریندر مودی اور زی جن پنگ دونوں ہی اپنے ملکوں کے طاقتور رہنما ہیں ۔ چنانچہ اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ یہ دونوں متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھائیں گے ۔
چینی صدر ا پنے دورہ کی شروعات 17ستمبر کو گجرات سے کریں گے۔ یاد رہے کہ یہ نریندر مودی کا یوم پیدائش بھی ہے جو چینی صدر کے استقبال کے لئے اس روز احمد آباد پہنچے گے ۔ یہ دونوں لیڈر ایک پرائیویٹ ڈنر پارٹی میں سالگرہ منائیں گے ۔ چینی صدر سابرمتی آشرم بھی جائیں گے ۔ اس دوران احمدآباد میں انفراسٹرکچر اور تجارت میں سرمایہ کاری سے متعلق کئی یادداشت مفاہمت پر بھی دستخط بھی کی جائے گی۔ چینی صدر کے ہمراہ ایک بہت بڑا تجارتی وفد بھی ہوگا ۔ اندازہ ہے کہ دونوں ہندوستان میں چینی سرمایہ کار100بلین ڈالر کے قریب پہنچ جائے گی اور اس سے صنعتی پارک ، ریلوے، ہائی وے، بجلی ،آٹو موبائل، ٹیکسٹائل ، اور فوڈ پراسسنگ کے شعبوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ چینی صدر17ستمبر کو ہی دہلی پہنچ جائیں گے ۔ دوسرے دن وہ راشٹرپتی بھون پر مدعو رہیں گے اور ایک تقریب میں خطاب کریں گے ۔ یہ نریندر مودی اور زی جنگ پنگ کے درمیان دوسری ملاقات ہوگی۔ اس سے پہلے دونوں بریکس کانفرنس کے موقع پر برازیل میں ملاقات کرچکے ہیں ، جہاں ان دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہوگئے تھے ۔ ہندوستان دورہ سے قبل چینی صدر تاجکستان میں شنگھائی کو آپریشن تنظیم کی چودھویں کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ ہندستانی دورہ کے بعد وہ مالدیپ اور سری لنکا بھی جائیں گے ۔

China Set to Pump Billions of Dollars in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں