ریاست آندھرا کو ڈیجیٹل اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کا عزم - نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-06

ریاست آندھرا کو ڈیجیٹل اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کا عزم - نائیڈو

گنٹور
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے آج کہا کہ وہ اپنی ریاست کو ایک ڈیجیٹل اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ریاست ڈیجیٹل اے پی بن جائے ۔ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی ، ملک کو ’’ڈیجیٹل انڈیا‘‘ میں تبدیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں ۔ اب میں آندھرا پردیش کو ملک کی دیگر ریاستوں سے قبل ڈیجیٹل اے پی میں تبدیل کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہوں ۔ اس مقصد کے حصول کے لئے وہ ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں وائی فائی خدمات کی فراہم پر غور کررہے ہیں ۔ چندرابابو نائیڈو یہاں یوم اساتذہ تقریب میں طلباء و اساتذہ سے خطاب کررہے تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ تمام طلباء کو آئی پیاڈس کی فراہمی کا بھی منصوبہ بنارہے ہیں تاکہ طلباء انفارمیشن ٹکنالوجی سے باخبر رہیں اور اپنے طور پر یہ ٹکنالوجی سیکھیں۔ اس کے علاوہ میں طلباء پر نصابی کتب کا بوجھ کم کرنا چاہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری میں ہی ٹکنالوجی کی تعلیم کی فراہمی بہتر نتائج پید اکرتی ہے ۔ بڑی عمر میں نئی ٹکنالوجی کی تعلیم دینے کے بجائے بچوں کو ابتدائی عمر میں ہی اس کی تعلیم دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائنسداں اور ٹیکنو کریٹس انفارمیشن ٹکنالوجی کی دنیا کی قیادت کررہے ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ فنی تعلیم بالخصوص انفارمیشن ٹکنالوجی کی تعلیم کے ساتھ بچوں کو ایجوکیشن کی فراہمی اہمیت کی حامل ہے ۔ ریاستی حکومت کئی اعلی تعلیمی ادارے قائم کرنے کی تجویز رکھتی ہے جیسے مرکزی حکومت زیادہ سے زیادہ آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم قائم کرنے کی خواہاں ہے ۔ ایک مرتبہ یہ ادارے قائم ہوجائیں گے تو ایک ادارے کے بہترین اساتذہ کی خدمات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ دیگر اداروں کے طلباء کے لئے استعمال کی جاسکیں گی ۔ انہوں نے اساتذہ برادری سے اپیل کی کہ وہ آئندہ5برسوں میں ریاست کو100فیصد خواندہ بنانے کے لئے جدو جہد کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ملک بھر میں خواندگی کے معاملہ میں31واں مقام رکھتے ہیں تاہم ٹکنالوجی کے میدان میں ہماری ریاست ملک کی دیگر ریاستوں سے آگے ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی کی سابقہ حکومتیں سماجی و معاشی ترقی کے لئے تعلیم کی اہمیت کو سمجھنے میں ناکام رہیں اس لئے اپنی ریاست بلند شرح خواندگی کے حصول میں پیچھے رہ گئی۔ اس موقع پر چندرابابو نائیڈو نے175بہترین اساتذہ کو ایوارڈس عطا کیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے دو اساتذہ کو بھی تہنیت پیش کی جنہوں نے چیف منسٹر کو تعلیم دی تھی ۔
حیدرآباد سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب حکومت آندھرا پردیش وجئے واڑہ کے اطراف و اکناف اپنا نیا دارالحکومت امریکی شہر شکاگو کے ماڈل پر ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حال ہی میں امریکی نمائندوں نے نئے دارالحکومت کی تعمیر اور ترقی پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا تھا جس میں یہ تجویز ابھر کر سامنے آئی۔ ایک45منزلہ عمارت جو آفس بلڈنگ کامپلیکس ہوگی ۔ ایک ایسے طریقہ سے تعمیر کرنے کی تجویز ہے جس کا فضا سے معائنہ کیاجائے تو دیکھنے والوں کو انگریزی حڑوف تہجی ’این ٹی آر‘نظر آئیں گے ۔ اسی دوران وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ نئے دارالحکومت میں عمارتوں کی تعمیرپبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی اساس پر ہوگی ۔ انہوں نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ 12ستمبر کو14ویں فینانس کمیشن کے ارکان شہر کا دورہ کرنے والے ہیں اور ہم ان پر ریاست کے نئے دارالحکومت کی ترقی کے لئے مالیاتی امداد کی فراہمی پر زور دیں گے ۔
گنٹور سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تقریب میں طلباء و اساتذہ کے لئے کئی اعلانات کیے جن میں با صلاحیت اور ہونہار طلباء کو چیف منسٹر فیلو شپ اور اساتذہ کو آئی پیاڈس اور ٹیابلٹس کی فراہمی شامل ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر منڈل سے ایک با صلاحیت طالب علم کا انتخاب کیاجائے گا جس کے لئے آن لائن امتحان منعقد کیاجائے گا۔ منتخب طلباء کو سی ایم فلیو شپ دی جائے گی اور انہیں ماہانہ دو ہزار روپے وظیفہ جاری کیاجائے گا۔ سی ایم فیلو شپ پروگرام کے لئے8ویں اور اس سے بڑی جماعتوں کے طلباء اہل ہیں ۔ چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ منتخب طلباء کو حکمرانی میں بہتری لانے اور پالیسیوں میں مثبت تبدیلیوں کے لئے حکومت کو اختراعی منصوبے اور مشورے فراہم کرنے پڑیں گے ۔ انہوں نے اساتذہ کو آئی پیاڈس اور ٹیابلٹس کی فراہمی کا بھی تیقن دیا ۔ انہوں نے یونیورسٹی اساتذہ کی سبکدوشی کی عمر60سال سے بڑھا کر62سال کردینے کی تجویز پر غور کرنے کا بھی تیقن دیا ۔

CM Chandrababu wants to transform AP into a 'digital state'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں