مغربی بنگال میں وزیر زراعت پر بی جے پی کارکنوں کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-26

مغربی بنگال میں وزیر زراعت پر بی جے پی کارکنوں کا حملہ

کلیانی(مغربی بنگال)
یو این آئی
مغربی بنگال کے وزیر زراعت پورنیدو بوس آج اس وقت بال بال بچ گئے جب بی جے پی کارکنوں نے شاردا چٹ فنڈ اسکام کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر ان کی کار پر سنگباری کی جسکی وجہ سے کار کے شیشے ٹوٹ گئے۔ یہ واقعہ کلیانی اکسپریس وے پر پیش آیا تاہم بی جے پی قیادت نے اس بات سے انکار کیا کہ اس کے کسی کارکن نے وزیر کی کار پر پتھر پھینکا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے مظاہرین نے آج صبح اپنے شیڈول کے مطابق ضلع ناڈیا میں کلیانی اکسپریس وے پر پاسودیوپور موڑ مین روڑ پر رکاوٹیں کھڑی کی تھیں ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ شاردا چٹ فنڈ اسکام کا فائدہ اٹھانے والے افراد کے خلاف سی بی آئی کی تحقیقات تیز کی جائے ۔ اس دوران وزیر کی کار اس علاقے سے گزر رہی تھی جب بی جے پی کے حامیوں نے بوس کے خلاف نعرے بازی کی اور ان کی کار پر پتھراؤ کردیا جس سے ان کی کار کا پچھلا شیشہ ٹوٹ گیا ۔ تاہم اس واقعہ میں وزیر کو چوٹ نہیں آئی ۔ پتھراؤ کے بعد پولیس نے روڈ پر کھڑی رکاوٹوں کو ہٹانے کے لے لاٹھی چارج کیا اور وزیر کے گزرنے کا راستہ صاف کردیا۔ دوسری طرف بی جے پی کے مقامی قائدین نے الزام لگایا کہ خود وزیر کے قافلے نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی تھی اور اگر مظاہرین از خود راستے سے نہ ہٹے ہوتے تو انہیں کچل دیا جاتا۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک ایف آئی آر درج کی ہے ، لیکن اس سلسلے میں ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔

WB, BJP activists 'attack' agriculture minister's car

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں