پی ٹی آئی
مرکزی حکومت نے دہشت گرد تنظیم القاعدہ کا ایک ویڈیو منظر پر آنے کے بعد سارے ملک میں چوکسی اختیار کرلینے کا حکم دے دیا ہے ۔ مذکورہ ویڈیو میں ہندوستان میں مہم چلانے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بعجلت قدم اٹھاتے ہوئے اعلیٰ سیکوریٹی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ انٹلیجنس بیورو(آئی بی) کے ابتدائی جائزہ میں مذکورہ ویڈیو کو اصلی پایا گیا ۔ وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور سیکوریٹی ایجنسیوں کو امکانی احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ سیکوریٹی ایجنسیوں کا احساس ہے کہ مذکورہ ویڈیو بر صغیر میں تازہ بھرتیوں کے لئے القاعدہ کی کوشش ہوسکتا ہے کیونکہ اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا( آئی ایس آئی ایس) کے بالمقابل القاعدہ کا اثر گھٹتا جارہا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے مذکورہ ویڈیو سے پیدا شدہ مسئلہ پر اعلیٰ سیکوریٹی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور اس کے بعد اخبار نویسوں کو بتایا کہ وزیر اعظم کے دفتر کو اس ویڈیو کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ملک میں القاعدہ کی موجودگی کے بارے میں جائزہ لیاجارہا ہے ۔ عہدیداروں نے مزید بتایا کہ انٹلیجنس بیورو(آئی بی) ملک میں اور اس کے پڑوس میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سر گرمیوں پر مسلسل نظر رکھتا ہے ۔ وہ ایک روز میں اس سلسلہ میں توقع ہے کہ آئی بی اپنی رپورٹ بھیج دے گی ۔ امریکی میڈیا اور انٹلیجنس ایجنسیوں نے آج بتایا کہ ہندوستان میں’’جہاد‘‘ کرنے ’’اسلامی حکمرانی کی طرف مراجعت‘‘ اور بر صغیر ہند میں شریعت کے نفاذ کے لئے القاعدہ نے ایک نئی برانچ قائم کی ہے ۔ القاعدہ کے سرکاری میڈیا گروپ’’الصحاب‘‘ نے مذکورہ گروپ بنام’’قیادت الجہاد فی البر صغیر ہند‘‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔ سوشل میڈیا آؤٹ لیٹس بشمول یوٹیوب پر پیش کردہ ایک طویل ویڈیو میں یہ بات بتائی گئی۔ القاعدہ افغانستان اور پاکستان میں سرگرم ہے لیکن اس گروپ کے لیؑ ڈر ایمن الظواہری نے کہا ہے کہ ’’قیات الجہاد‘‘ اس لڑائی کو ہندوستان میانمار اور بنگلہ دیش میں لے جائے گی ۔ الظواہری نے کہا ہے کہ یہ گروپ بر صغیر ہند میں برما، بنگلہ دیش ، آسام، گجرات احمدآباد اور کشمیر میں مخدوش( لوگوں) کی مدافعت کرے گا اور قیادت الجہاد میں آپ کے بھائیوں نے آپ کو بھلایا نہیں ہے اور وہ(آپ کے بھائی) آپ کو نا انصافی ،استبداد ، ایذا رسانی اور مصائب سے بچانے کے لئے جو کچھ کرسکتے ہیں ، کررہے ہیں۔
آئی اے این ایس کے بموجب القاعدہ لیڈر ایمن الٖظواہری نے برصغیر ہند میں جہاد کا پرچم بلند کرنے اپنے گروپ کی جنوبی ایشیاء برانچ کی تخلیق کا اعلان کیا ہے ۔ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد جانشین ہوئے ایمن الظواہری نے آن لائن پوسٹ کردہ55منٹ طویل ویڈیو میں افغان طالبان لیڈر ملا عمر سے تجدید شدہ وفاداری کاعہد کیا ہے ۔ بی بی سی نے یہ اطلاع دی ہے ۔ظواہری نے عربی اور اردو دونوں زبانوں میں ’’بر صغیر میں القادہ‘‘ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ’’یہ تشکیل برما، بنگلہ دیش اور ہندوستان ریاستوں آسام، گجرات ، اور جموں وکشمیر میں مسلمانوں کے لئے خوشخبری ہوگی جہاں انہیں نا انصافی اور استبداد سے بچایاجائے گا ۔ القاعدہ کا یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اس گروپ کو جارحیت پسنداسلامک اسٹیٹ(آئی ایس) سے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا ہے اور آئی ایس نے عراق اور شام میں بڑے علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ بی بی سی نے انسداد دہشت گردی ماہرین کے حوالہ سے کہا ہے کہ القاعدہ دنیا بھر میں اپنے حامیوں کی بھرتی کے لئے آئی ایس کے ساتھ مسابقت کررہا ہے۔ آئی ایس لیڈر ابوبکر البغدادی نے خود کو خلیفہ قرار دیا ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے تائید کی اپیل کی ہے ۔ بی بی سی نے یہ بھی کہا کہ آئی ایس سے وابستہ پاکستانی عسکریت پسندوں نے پشاور میں پمفلٹس تقسیم کئے ہیں اور عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ ایک اسلامی خلافت کی تشکیل کے نظریہ کی تائید کریں۔
دبئی سے موصولہ رائٹر کی اطلاع کے بموجب ایمن الظواہری نے اپنے عسکریت پسند گروپ کی ہندوستانی برانچ کے قیام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ بر صغیر میں اسلامی حکمرانی کو پھیلایا جائے گا اورّ ّجہاد کا پرچم بلند کیاجائے گا۔‘‘الظواہری کا اعلان اسلامک اسٹیٹ(آئی ایس) کا بالواسطہ بطلان ہونے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے نئے وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے ایک چیلنج ہوسکتا ہے ۔ کئی مخالف مسلم واقعات پر خاموش رہنے پر مودی کو پہلے ہی تنقیدوں کا سامنا ہوا ہے ۔ القاعدہ افغانستان ،پاکستان سرحدی علاقہ میں زیادہ سر گرم ہے ۔ یہاں یہ بات بتا دی جائے کہ ویڈیو میں دئیے گئے بیان میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) یا البغدادی کا تزکرہ نہیں کیا گیا ۔ البتہ آئی ایس کی کوششوں پر اشارتاً تنقید کی گئی ہے۔ الظواہری نے عسکریت پسندوں کے مابین اتحاد کی اپیل کی ہے ، اور ناچاقی پر تنقید کی ہے ۔ شام میں حریف اسلامی گروپوں کے ساتھ آئی ایس کے تصادم کے ریکارڈ کے خلاف القاعدہ کی شکایت عام ہے ۔ بیان میں القاعدہ کے نئے ونگ کو مقامی آبادیوں پر جبرنہ کرنے کی وارننگ دی گئی ہے ۔ عراق اور شام میں ناقدین نے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف ایسی شکایت کی ہے ۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ’’اگر آپ (نئے ونگ کے عسکریت پسند) یہ کہتے ہیں کہ آپ مسلمانوں کے تقدس کی مدافعت کے لئے جہاد کررہے ہیں تو آپ ان کے خلاف یا ان کی دولت یا وقار کے خلاف تجاو ز نہ کریں ۔ حتی کہ اپنے قول و فعل سے اپنے مجاہد بھائیوں سے بھی تجاوز نہ کریں ۔ ناچاقی ایک لعنت اور عذات ہے اور اہل ایمان کے لئے شرمندگی ہے جب کہ کافروں کے لئے عظمت ہے۔ اگر آپ کہتے ہیں کہ آپ اپنے جہاد کے ذریعہ صرف اللہ کی رضا چاہتے ہیں تو آپ پہلے پہل حکمرانی اور قیادت کے لئے نہ دوڑیں۔
Al-Qaeda declares new branch in Indian sub-continent
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں