قبر مبارک اور روضہ شریف کی منتقلی کا کوئی ارادہ نہیں - حرم انتظامیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-05

قبر مبارک اور روضہ شریف کی منتقلی کا کوئی ارادہ نہیں - حرم انتظامیہ

masjid-e-nabuwwi
روضہ شریفہ اور رسول اللہ ﷺ کی قبر مبارک، مسجد نبوی شریف سے بقیع الغرقد منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔ اس حوالے سے جو کچھ کہا جارہا ہے وہ نہ تو حرمین شریفین کی انتظامیہ کی رائے ہے اور نہ ہی سعودی حکومت کے پروگرام کا حصہ ہے ۔
مسجد الحرام و مسجد نبوی شریف امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان احمد بن محمد المنصوری [Ahmed bin Mohammed Al-Mansouri] نے جمعرات کو اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ ایک اسکالر کی جانب سے مسجد نبوی شریف میں حجرہ مبارکہ کی بابت جو باتیں رائے عامہ کے حلقوں میں گردش کر رہی ہیں وہ اسکالر کی نجی آراء ہیں ، حرمین انتظامیہ کی نہیں ۔ ان آراء کا سعودی حکومت سے بھی کوئی واسطہ نہیں ۔
سعودی حکومت حرمین شریفین کی خدمت اور تعظیم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے ہوئے ہے۔ کسی بھی پرانی شئے کے ساتھ چھیڑ خانی نہ کرنا سعودی حکومت کا شیوہ ہے ۔ روضہ مبارکہ سے متعلق اسکالر نے جو کچھ کہا ہے وہ اس کا اپنا نقطہ نظر ہے۔ علمی مقالات کے حوالے سے یہی روایت پوری دنیا میں پائی جاتی ہے ۔
یہ رائے جس کا اظہار اسکالر نے کیا ہے اس کا جنرل پریذیڈنسی کے اشاعتی اداروں سے بھی کوئی تعلق نہیں ۔ ادارہ نے یہ بات نشر و اشاعت کے ضوابط کی گیارہویں شق میں واضح کر رکھی ہے ۔
جنرل پریذیڈنسی نے وضاحتی اعلامیہ میں توجہ دلائی کہ اسکالر اور ذائع ابلاغ کے ارباب اشتعال انگیز امور، فتنہ اور ہنگامہ برپا کرنے والے معاملات میں بحث مباحثہ سے اجتناب برتیں ۔ حکمت و فراست ، اصول پسندی ، راستی کا اہتمام کریں، مبالغہ آرائی سے بچیں ، باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنے سے گریز کریں ۔ حرمین شریفین کے امور میں خاص طور پر سیاست بازی سے پرہیز کریں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں