آندھرا میں راست تقررات کے لئے حد عمر 40 برس مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-24

آندھرا میں راست تقررات کے لئے حد عمر 40 برس مقرر

حیدرآباد
پی ٹی آئی
حکومت آندھرا پردیش نے مختلف سرکاری خدمات کے لئے راست تقررات کے سلسلہ میں اعظم ترین حد عمر میں اضافہ کرتے ہوئے اسے34سال سے40سال کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج احکام جاری کردئیے گئے ۔ اس طرح ریاست کے بیروزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے دروازے کشادہ ہوگئے ہیں۔ اے پی کے چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ نے احکام میں بتایا کہ ایک عرصے کے بعد راست تقررات عمل میں لائے جارہے ہیں اس لئے حد عمر میں اضافہ کرتے ہوئے اسے34سے40سال کرنے کی ضرورت پیش آئی کیونکہ ریاست کی تقسیم اور اس کے عمل میں کئی بیروزگار نوجوانوں کے امکانات متاثر ہوگئے تھے ۔ ریاست میں کثیر تعداد میں تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوان ہیں جن کے روزگار کے مواقع تحریکات تلنگانہ کے باعث سکڑ کر رہ گئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ آندھر اپردیش میں جو مواقع موجود تھے ، تقسیم کے بعد نوجوان اس سے محروم ہوگئے ہیں، اس لئے راست تقررات کے لئے حد عمر میں اضافہ کی تجویز پیش کی گئی تھی اور حکومت نے تقاضائے وقت کے پیش نظر اسے بڑھا کر34سے40سال کردیا ہے۔
اعظم ترین حد عمر میں اضافہ تاہم پولیس، اکسائز ، فائر، جیل اور جنگلات کے محکموں میں ہونے والے تقررات پر لاگو نہیں ہوگا کیونکہ یہاں جسمانی معیارات نافذ رہتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت مختلف محکموں میں مختلف زمروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے سنجیدہ ہے اور رکروٹنگ ایجنسیاں وقتاً فوقتاً مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کرکے ان پر تقررات کا اعلامیہ جاری کرتی ہے ۔ اعظم ترین حد عمر میں40سال تک جو استثنیٰ دیا گیا ہے وہ30ستمبر 2016تک برقرار رہے گا جس کے دوران رکروٹنگ ایجنسیاں راست تقررات کے لئے مختلف زمروں میں مخلوعہ جدئیدادوں کی نشاندہی کریں گی ۔ واضح ہو کہ سابقہ کرن کمار ریڈی کی حکومت نے سرکاری محکموں میں مختلف زمروں کے تحت ایک لاکھ سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ بنایا تھا ۔ اس کے علاوہ نئی جائیدادیں بھی تخلیق کی گئی تھیں تاکہ بڑھتی ضرورتوں کی تکمیل کی جاسکے تاہم ریاست کی تقسیم کے باعث اس منصوبہ پر عمل در آمد نہیں ہوسکا۔

Andhra Pradesh: Job age limit raised to 40

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں