دہلی میں بی جے پی کو حکومت کی تشکیل سے روکنے کجریوال کا عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-07

دہلی میں بی جے پی کو حکومت کی تشکیل سے روکنے کجریوال کا عہد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کی اور دہلی اسمبلی کے لئے نئے سرے سے الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو ایک رپورٹ روانہ کرتے ہوئے سب سے بڑی جماعت کو تشکیل حکومت کی دعوت دینے کی اجازت طلب کی ہے ۔ حالانکہ بی جے پی ، اسمبلی میں اکثریت نہیں رکھتی ۔ نجیب جنگ نے اپنی رپورٹ میں شہر کی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ پیش کیا ہے اور دہلی کے لئے ایک منتخبہ حکومت کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے جہاں عام آدمی پارٹی حکومت کے استعفیٰ کے بعد17فروری سے صدر راج نافذ ہے۔ اروند کجریوال نے بی جے پی پرسو دے بازی کے ذریعہ دہلی میں حکومت تشکیل دینے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آخر بی جے پی کس طرح حکومت تشکیل دے گی، ظاہر ہے کہ وہ ارکان اسمبلی کو خریدتے ہوئے حکومت تشکیل دینا چاہتی ہے ، جو بالکلیہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہر رکن اسمبلی کو20,20کروڑ روپے دیتے ہوئے انہیں خریدنا چاہتے ہیں ۔ کجریوال نے سوال کیا کہ آخر لیفٹننٹ گورنر نے کس بنیاد پر بی جے پی کو دہلی میں حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے ۔ انہوں نے تشکیل حکومت کے لئے دئے گئے دعوت نامہ کوبددیانتی پر مبنی قرار دیا۔ دہلی میں فی الحال صدر راج نافذ ہے ۔ اور اسی دوران آج عام آدمی پارٹی کے لیڈروں نے صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات کر کے نئے سرے سے اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کا پرزور مطالبہ کیا ، دوسری جانب کانگریس نے بھی نجیب جنگ کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سودے بازی کو فروغ دے رہے ہیں۔

AAP pledges to stop BJP govt in Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں