گجرات حکمرانی کا تجربہ دہلی میں کام آ رہا ہے - احمدآباد میں مودی کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-17

گجرات حکمرانی کا تجربہ دہلی میں کام آ رہا ہے - احمدآباد میں مودی کا بیان

احمدآباد
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کا چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے حاصل ہونے والا بیش قیمتی تجربہ مرکز میں حکومت کو چلانے میں کام آ رہا ہے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ گجرات آئے مودی نے احمدآباد ایئر پورٹ پر منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے 14برس کی مدت کار کے دوران جو کچھ بھی میں نے اپنے پرانے دوستوں ، پارٹی کارکنان اور تنظیم سے سیکھا، اس نے میری مرکز کی حکومت کو چلانے میں بہت مدد کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی عام آدمی کو ہندوستان جیسے بڑے ملک کا اقتدار ملا ہوتا تو وہ پاگل ہو جاتا ۔ لیکن گجرات کے تجربے نے میری کافی مدد کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گجرات کی مٹی اور ہوا مجھے طاقت اور ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے گجرات کے لوگوں کا ان کے شاندار استقبال کے لئے شکریہ ادا کیا۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے احمد آباد پہنچنے کے بعد چینی صڈر کے کل سے شروع ہونے والے ہندوستان دورے کے بارے میں بھی کہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چینی صدر کا کل سے احمدآباد شہر سے شروع ہونے والا ہندوستان دورہ ایک خوش آئند شروعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ دنیا کے لیڈران اب ہندوستان کی ریاستوں اور چھوٹے شہر میں بھی آ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کوئی شخص صرف دہلی گھوم کر ہندوستان کو نہیں دیکھ سکتا ۔ ہندوستان ایک متنوع اور رنگارنگ ثقافت اور تہذیب کی آماجگاہ ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی چین کے صدر زی جنپنگ سے کل احمدآباد کے حیات ہوٹل میں ملاقات کریں گے۔

14 years' experience as Gujarat chief minister has helped him a lot in this regard, Modi in Ahmedabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں