پی ٹی آئی
ملک کی جملہ اربوں روپے کی دولت کا تقریباً نصف حصہ یعنی تقریباً5,23,897کروڑ روپے(85.5بلین ڈالر) مجموعی طور پر5دولت مند ترین ارب پتی ہندوستانیوں کے ہاتھوں میں ہے اور ان5شخصیتوں میں سب سے متمول ترین شخصیت، صدر نشین ریلائنس انڈسٹریز مکیش امبانی کی ہے ۔ ایک نئے جائزہ میں آج اس امر کا اظہار کیا گیا ۔ یہ جائزہ ایک ریسرچ فرم ویلتھ ، ایکس نے پیش کیا ہے ۔ مکیش امبانی کی دولت کا تخمینہ24.4بلین ڈالر(تقریباً1,49,474کروڑ روپے ) ہے۔اس فہرست میں امبانی کے بعد اسٹیل کے ممتاز تاجر لکشمی متل ، ادویہ ساز کمپنی سن فارما کے دلیپ سنگھوی ، انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنی وپرو کے صدر نشین عظیم پریم جی اور ٹاٹا سنس کے شراکت دار پالن جی شاہ پور جی مستری کا نمبر ہے ۔ پانچویں افراد ملک کی سب سے زیادہ دولت مند شخصیتیں ہیں ۔ ویلتھ ۔ ایکس نے اپنے جائزہ میں کہا ہے کہ’’5ارب پتیوں کی شخصی دولت ، بہ اعتبار مجموعی85.5بلین ڈالر ہے ۔ جو ہندوستان کی جملہ اربوں ڈالر دالت کا47.5فیصد ہے۔‘‘ جائزہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’دنیا کی اس سب سے بڑی جمہوریت( ہندوستان )میں مالیاتی کامیابی حاصل کرنے کی کلید صنعت و تجارت ہے ۔5متمول ترین صنعت کاروں ، تاجرین نے تیل اور گیس اسٹیل اور ادویہ جیسے شعبوں میں بزنس کے ذریعہ دولت کمائی ہے ۔ اس کے برعکس ہندوستان کے سب سے زیادہ دولت مند اداکار سوپر اسٹار شاہ رخ خان ہیں جن کی دولت کا تخمینہ600ملین ڈالر ہے جب کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ، جو گزشتہ نومبر میں کرکٹ سے ریٹائر ہوئے ہیں کم از کم160ملین ڈالر کی شخصی دولت رکھتے ہیں ۔ مکیش امبانی، ریلائس انڈسٹریز گروپ کی وساطت سے ممبئی انڈینس پریمئر لیگ(آئی پی ایل) کرکٹ ٹیم کے مالک ہیں ۔ یہ ٹیم مبینہ طور پر سب سے زیادہ قیمتی ٹیم ہے ۔ جو لگ بھگ112ملین ڈالر قیمت کی حامل ہے ۔ اسٹیل کے صنعت کار لکشمی متل فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں ۔ جن کی شخصی دولت کا تخمینہ17.2بلین ڈالر ہے ۔ متل آرسلز متل( کمپنی) کے صدر نشین اور چیف ایکزیکٹیو آفیسر ہیں۔ یہ فولاد تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے ۔64سالہ متل آرسلز متل کمپنی کے38فیصد حصص کے مالک ہیں اور کوئنس پارک رینجرس فٹبال کلب میں ان کے حصص33فیصد ہیں ۔ سن فارماسیو ٹیکلس کے دلیپ سنگھوی ، تیسرے دولت مند ترین ہندوستانی ہیں جن کی دولت کا تخمینہ16.3بلین ڈالر ہے ۔ اس کے بعد صدر نشین وپرو عظیم پریم جی کا نمبر ہے جو14.9بلین ڈالر دولت کے حامل ہیں ۔ ٹاٹا سنس کے حصص دار پالن جی شاہ پور جی مستری کی دولت کا تخمینہ12.7بلین ڈالر کیا گیا ہے۔ تمام پانچویں صنعت کاروں نے سماجی خدمات جیسے تعلیم ، صحت ، ماحولیات اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ جیسے مقاصد کی تکمیل کے لئے خیراتی ادارے (فاؤنڈیشنس) بھی قائم کئے ہیں ۔
'Top 5 richest Indians have half of nation's billionaire wealth'
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں