تانڈور کی کاگنا ندی بارش کے پانی سے لبریز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-24

تانڈور کی کاگنا ندی بارش کے پانی سے لبریز

tandur-kagna-river-filled
تیری رحمتوں کا کوئی حساب نہیں
تانڈور کا ذخیرۂ آب کاگنا ندی جو رات کو مکمل خشک تھی وہ صبح ہوتے ہوتے لبریز ہوگئی
انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اور چرند پرند کی پیاس بجھانے میں معاون ہے یہ ندی

خدا کی نعمتوں کا واقعی کوئی حساب نہیں ہوتا بس انسان اس پر مکمل طور پر اپنا یقین قائم رکھے یہی واحد شرط ہے ۔ اس کی زندہ مثال یہاں کا واحد ذخیرۂ آب کاگنا ندی ہے جس کے ذریعہ بلدیہ کی جانب سے تانڈور کی65؍ہزار115؍نفوس پر مشتمل آبادی اور پڑوسی ضلع محبوب نگر کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں موجود39؍مواضعات کی عوام کو فلٹر کے بعد صاف و شفاف پانی روزآنہ سربراہ کیا جاتا ہے موسم گرماء میں جہاں یہ ندی خشک ہوجاتی ہے وہیں اس ندی میں موجود باؤلیوں کے ذریعہ پانی سربراہ کرنے کا نظم ہے یہی وجہ ہیکہ سخت گرما کے موسم میں بھی عوام کو کبھی آبی قلت کا سامنا نہیں ہوتا ۔ اس ندی کی بدقسمتی یہ ہیکہ کئی سالوں سے اس پر چیک ڈیم کی تعمیر کے سرکاری اعلانات ہوتے رہے ہیں جاریہ سال سرکاری طور پر اعلان ہواتھاکہ اس ندی پر چیک ڈیم کی تعمیر کے لئے 8؍کروڑ روپئے بھی منظور کئے گئے ہیں لیکن نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات !یہی وجہ ہیکہ جب کبھی مانسون میں حوصلہ افزاء بارش ہوتی ہے یہ ندی لبریز ہوکر اس کا پانی( زائد از 2؍ٹی ایم سی ) بناء کسی روک ٹوک پڑوسی ریاست کرناٹک میں داخل ہوجاتا ہے اسی پانی کو روکنے کی غرض سے چیک ڈیم کی تعمیر ضروری ہے ۔جبکہ کاگنا ندی میں پانی کے ذخیرہ کے باعث قریب ہی موجود زرعی باؤلیوں میں بھی پانی کی وافر مقدار آجاتی ہے اور قریبی علاقوں کی زیر زمین آبی سطح میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے جو کہ کسانوں کے لئے انتہائی فائدہ مند ہوتا ہے اس ندی کے پانی کے ذخیرہ سے جہاں انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور، چرند اور پرند بھی مستفید ہوتے ہیں وہیں اس ندی میں موجود ریت کی غیرقانونی منتقلی کے ذریعہ ریت مافیا اور ان کی پشت پناہی کرنے والے "بابولوگ"کی بھی سال بھر چاندی ہوتی رہتی ہے !۔ جاریہ سال مانسون کے آغاز کے دوماہ بعد بھی بارش نہ ہونے کے باعث کاگنا ندی مکمل طور پر خشک ہوکر صحراء میں تبدیل ہوگئی تھی اور یہ منظر 21؍اگست کی رات تک بھی تھا تاہم خداکی قدرت کہ اسی رات یہاں نصف شب تک ہونے والی 50.5؍ملی میٹر(5؍سنٹی میٹر ) بارش اوراس ندی کے اوپری علاقہ پدیمول منڈل میں اسی رات 80؍ ملی میٹر
(8؍سنٹی میٹر )بارش کے بعد صبح کاگنا ندی مکمل طور پر لبریز ہوکر بہنے لگی اور اس ندی پر سے صبح و شام روزآنہ گذرنے والوں کے لئے یہ منظر حیرت انگیز تھاکہ جو ندی رات تک بھی خشک صحراء کا منظر پیش کررہی تھی وہی ندی اب پانی کی ذخیرہ سے لبالب بھری ہوئی ہے۔
زیر نظر دو الگ الگ تصاویر اسی کاگنا ندی پر موجود برج کی ہیں جس سے اس یقین کواور بھی تقویت ملتی ہے کہ واقعی خدا کی رحمتوں کا کوئی حساب نہیں ۔

Tandur Kagna river filled up

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں