تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں وقفہ وقفہ سے بارش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-31

تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں وقفہ وقفہ سے بارش

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس سے کسانوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔ حیدرآباد میں آج صبح سے ہی بارش کا آغاز ہوگیا ۔ جس کے سبب سرکاری اور خانگی اسکولس میں طلبہ کی حاضری کا تناسب کم دیکھا گیا اور سڑکو پر ٹریفک بھی کم رہی ۔ گزشتہ دو دنوں سے بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ اسی دوران ضلع کھمم کے اشوراؤ پیٹ میں بارش کے سبب تالاب لبریز ہوچکے ہیں ۔ بارش کے باعث کسانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی اور کاشتکاری کی سرگرمیاں بھی تیزی سے جاری ہیں ۔ سری سلیم اور ناگر جناساگر کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے تاہم حیدرآباد کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے اہم ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا ۔ شدید بارش کے دوران آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے نندی گاما کی مونیرونہر میں تین چرواہے اور ایک لڑکا پھنس گیا ۔ قومی آفات سماوی فورس( این ڈی آر ایف) کے عملہ نے انہیں بچالیا۔ پولیس نے بتایا کہ این ڈی آڑ ایف کو3چرواہے مونیرونہر کی طغیانی میں پھنس جانے کی اطلاع دی گئی ۔ فورس کے ارکان2فائبر کشتیوں کے ساتھ وہاں پہنچے اور تینوں چرواہوں اور ان کی30بکریوں کو بچا لیا ۔ نندی گاما کے ڈی ایس پی حسین نے کہا ہے کہ تین چرواہے وینگٹیشور لو ، پون کماراور سرینواس راؤ کا تعلق موضع رگھو اپورم سے ہے ۔ جنہوں نے نندی گاما ٹاؤن پہونچنے کے لئے اس نہر کو پار کرنے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں پھنس گئے کیونکہ نہر کی آبی سطح میں اچانک اضافہ ہوگیا اور وہ نہر کے درمیان واقع ایک چھٹے سے جزیرے پر ٹھہر گئے ۔ اس بات کی اطلاع ان چراہوں نے فون کے ذریعہ اپنے رشتہ داروں کو دی جس کے بعد ان کے رشتہ داروں نے تحصیلدار کو اطلاع دی ۔ اسی دوران وشاکھاپٹنم کے طوفان سے خبردار کرنے والے مرکز نے کہا ہے کہ مانسون آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں مکمل طو رپر سرگرم ہے اس کے زیر اثر امکان ہے کہ دونوں ریاستوں میں آئندہ24گھنٹوں کے دوران بارش ہوگی ۔ چند مقامات پر شدید سے شدید ترین بارش ہوگی ۔ مرکز کی اطلاع کے مطابق شمال مشرقی سمت سے چلنے والی تیز ہوائیں ، امکان ہے کہ شمالی ساحلی آندھرا پردیش میں بھی45تا50کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلیں گی۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ساحلی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں مانسون زوروں پر ہے ۔ ہوا کے دباؤ میں کمی مغربی وسطی اور اس کے قریب واقع شمالی مغرب خلیج بنگال کے ساحل اور اوڈیشہ پر مرکوز ہے۔ آئندہ24گھنٹوں کے دوران ساحلی آندھرا اور تلنگانہ میں اوسط تا شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔

periodic rain in Telangana and Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں