تلنگانہ کو ترقی یافتہ بنانے تک آرام نہیں کروں گا - کے سی آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-30

تلنگانہ کو ترقی یافتہ بنانے تک آرام نہیں کروں گا - کے سی آر

حیدرآباد
یو این آئی ، آئی اے این ایس
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ کرپشن ہماری سب سے بڑی بیماری ہے ۔ یہی وجہ ہے ہمارا ملک ہنوز پسماندہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگا پور جیسے ایک چھوٹے سے ملک میں کسی نے کرپشن کا نام بھی نہیں سنا ہے۔ میرا خواب ہے کہ میں تلنگانہ کو تمام شعبوں میں ترقی یافتہ بنادوں ۔ میں اس وقت تک آرام نہیں کروں گا جب تک کہ میرا خواب حقیقت میں تبدیل نہیں ہوجاتا ۔ اپنے خواب کی تکمیل کے لئے انہوں نے اپنے کئی منصوبوں کا اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حیدرآباد کو ایک ورلڈ کلاس سٹی میں تبدیل کردیں گے جس کے لئے جدید اسٹریٹ لائٹنگ کے ساتھ صاف و شفاف چوڑی سڑکوں کی تعمیر جیسے انفراسٹرکچر کی تیاری ضروری ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے آج یہاں ہائی ٹیکس میں پہلے حیدرآباد پر اپرٹی شو کا افتتاح کرتے ہوئے ان عزائم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی تاحال ترقی سائنسی خطوط پر نہیں ہوئی ہے ۔ میری حکومت10ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے شہر میں ایک ہزار کلو میٹر طویل معیاری سڑکوں کو فروغ دے گی اور اس کے علاوہ آؤٹرنگ روڈ کے قریب ایک علاقائی رنگ روڈ کی بھی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سڑکوں پر4لاکھ جدید اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے مزید کہا کہ شہر کے قریب ایک فارماسٹی کی بھی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس شہر کو ہمہ گیر طور پر بہتر منصوبہ بند شہر کی تعمیر کا منصوبہ موجود ہے ۔ کے سی آر نے بتایا کہ ٹریڈ اور کامرس کے لئے حیدرآباد ایک مثالی مقام ہے ۔ اس کے علاوہ یہ شہر زلزلوں جیسی آفتوں سے بھی محفوظ ہے اور یہاں کا ماحول کام کے بہتر کلچر کے لئے بھی سازگار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد کو اس طرح ترقی نہیں دی گئی جس طرح اسے دی جانی چاہئے تھی۔ مستقبل قریب میں شہر کو ایسے خطوط پر ترقی دی جائے گی جس کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا ۔ اس کے لئے ہمارے پاس ایک ماسٹر پلان ہے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد کو ملک کے سب سے زیادہ مواقع والے شہر میں تبدیل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے آج اعلان کیا کہ شہر بھر میں10ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ہزار کلو میٹر طویل ورلڈ کلاس سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ شہر کو ترقی دینے اور اس کی گنجان شکل میں کشادگی پیدا کرنے کے لئے سلسلہ اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ وستھلی پورم اور رام چندر پورم کے درمیان فورلین ایسٹ ویسٹ سڑک راہداری کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ ایسا ہی ایک کوریڈ ور شمال اور جنوب کے درمیان بھی تعمیر کیاجائے گا۔ کے چندر شیکھر راؤ یہاں ہائی ٹیکس میں کنفیڈریشن آف رئیل اسٹیٹ دیولپرس اسوسی ایشن آف انڈیا( کریڈائی) کے زیر اہتمام پہلے حیدرآباد پراپرٹی شو سے افتتاحی خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ موسم برسات کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے اور رہائشی علاقوں کے زیر آب ہوجانے جیسے مسائل کی مستقل یکسوئی کے لئے قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی موجودہ اسٹریٹ لائٹس کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ4لاکھ ایل ای ڈی لائٹس لگائی جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے مزیدکہا کہ سٹیلائٹ ٹاؤن شپس اور فارما سٹی ، اسپورٹس سٹی، ہیلتھ سٹی اور سنیما سٹی کے ساتھ ایک اور آؤٹر رنگ روڈ کی بھی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ کے سی آر نے جنہوں نے گزشتہ ہفتہ سنگاپور اور ملایشیا کا دورہ کیا تھا، کہا کہ حیدرآباد کے لئے نیا ماسٹر پلان تیار کرنے گلوبل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ ماسٹر پلان کی تیاری میں انفارمیشن ٹکنالوجی انوسٹمنٹ ریجن( آئی ٹی آئی) کے ساتھ دیگر ضروریات کو بھی پیش نظر رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کو شعبہ صنعت کے لئے ملک کا سب سے بہترین مقام بنادینے کا عزم کیا جس کے لئے سنگل ونڈوکلیئرنس سسٹم متعارف کرایاجائے گا۔ اس نظام میں صفر کرپشن ہوگا اور یہ دنیا کا سب سے بہترین نظام ہوگا ۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ حیدرآباد اپنے اندر کئی مثبت پہلو رکھتا ہے ، کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ انہیں اس بات پر کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ یہ بہت جلد ملک کے کسی بھی شہر کے مقابلہ میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا شہر ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یہ بھی وعدہ کیا کہ رئیل اسٹیٹ پراجکٹس کو بھی تمام منظوریوں کے لئے ایک سنگل ونڈو سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ہم ایک بل پیش کریں گے ۔

His dream was to develop Telangana in all fields and he will not rest till the dream was converted into reality, KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں