نریندر مودی مسلم مسائل حل کرنے کے لئے ایک روڈ میاپ تیار کریں - سراج قریشی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-16

نریندر مودی مسلم مسائل حل کرنے کے لئے ایک روڈ میاپ تیار کریں - سراج قریشی

نئی دہلی
یو این آئی
اس استدلال کے ساتھ کہ تقسیم وطن کے تکلیف دہ سانحے کے باوجود مسلمانان ہند ہزار درجہ خوش اور بہتر حالت میں ہیں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر سراج قریشی نے آج کہا ہے کہ انتہائی سر فروی کے بعد حاصل ملک کی آزادی کے تحفظ کے لئے آج پھر کچھ قربانیوں کی سخت ضرورت ہے ۔ یہاں انڈیا اسلامک سینٹر کے احاطہ میں جھنڈا سلامی کی رسم کے بعد جشن آزادی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہتھیار ہماری مضبوط جمہوریت ہے اور ’’مجھے یقین ہے کہ مسلمانوں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی سے مسلمانوں کے مسائل پر کافی تفصیل کے ساتھ گفتگو کی ہے اور دوران گفتگو اندازہ ہوا کہ نریندر مودی کو مسلمانوں کے مسائل کا خود مسلمانوں سے زیادہ علم ہے ۔‘’ اس تمہید کے ساتھ کہ حکومت کسی ایک قوم یا پارٹی کی نہیں بلکہ عوام کی ہوتی ہے اور اس اعتبار سے ہمیں اپنے مسائل حکومت تک پہنچانے میں کوئی تردد نہیں کرنا چاہئے ،انہوں نے بتایا کہ نریندر مودی نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد مسلم مسائل کے حل کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرکے اس پر عمل شروع کرادیں گے ۔ مسلمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مسٹر قریشی نے کہا کہ کوئی بھی حکومت مسلم مسائل سے چشم پوشی نہیں کرسکتی لیکن اس کے لئے خود ہمیں بھی آگے آنا ہوگا ۔ مسلمانوں کو حکومت سے دور بھاگنے کا رویہ ترک کرنا ہوگا ورنہ ہمیں پھر آئندہ پچاس برسوں تک اپنے مسائل سے بدستور نبرد آزما رہنا پڑے گا ۔ انہوں نے آج لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم کے خطاب کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ہمیں اس میں سے اپنے مطلب کی باتوں پر توجہ دینی چاہئے ۔ اس تقریب میں آئی سی سی کے نائب صدر صدر ایچ خان ، سکریٹری وصی احمد نعمانی، ایس ایم خان، مشتاق احمد ایڈوکیٹ ، شرافت اللہ ،سمیم احمد ، ملک ذہین، ایم این عباسی ، نایاب عباسی فیرو ز عباسی ، صحافی وسیم الحق اور احمد رضا کے علاوہ درجنوں ممتاز شہریوں نے شرکت کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں