یو این آئی
جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں میں زبردست احتجاج شروع ہوگیا ہے جہاں عوام نے الزام عائد کیا کہ سیکوریٹی فورسس نے شہیدوں کے قبرستان میں بعض قبروں کے کتبے نکال دئیے ہیں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے سمبورا اور کاکپورہ علاقہ میں خواتین اور بچوں سمیت عوام کی کثیر تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور سیکوریٹی فورسس کے خلاف شدید احٹجاج کیا۔ سیکوریٹی فورسس نے مبینہ طور پر سمبورا میں واقع شہیدوں کے قبرستان میں دفن بعض افراد کی قبروں کے کتبے نکال دئیے ہیں ۔ احتجاج کی وجہ سے مین روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ۔ حکام نے گاڑیوں کا رخ متبادل راستوں کی طرف موڑا جس کے نتیجہ میں ٹریفک جام ہوگئی ۔ گڑ بڑ اس وقت شروع ہوئی جب سمبورا میں مقامی عوام نے آج صبح بعض قبروں کے کتبے نکلے ہوئے پائے۔ مظاہرین نے سیکوریٹی فورسس کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ضلع کے پامپور علاقہ میں عسکریت پسندوں کے حالیہ حملوں کے بعد عوام کو ہراساں کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ ضلع میں گیارہ تا16اگست کے دوران 4حملوں میں بی ایس ایف کے 12جوان زخمی اور5سیکوریٹی جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ ایک عام شہری بھی ہلاک ہوا۔ احتجاجیوں نے مین روڈ مسدود کردی اور سیکوریٹی فورسس پر سنگباری کی جس نے انہیں منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا ۔ ان علاقوں میں معمول کے حالات کی بحالی کے لئے سینئر سیول اور پولیس عہدیدار اس علاقہ کی طرف روانہ ہوگئے ہیں ۔ اسی دوران حکام نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ان حملوں کے ذمہ دار عسکریت پسندوں کو شناخت کرلیا ہے ۔ حزب المجاہدین نے4کے منجملہ 3حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ سیکوریٹی فورسس نے جنوبی کشمیر میں قومی شاہراہ اور دیگر سڑکوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں ، مسافرین اور پیدل راہگیروں کی تلاشی لی۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں