جان کیری کا دہلی آئی آئی ٹی کا دورہ - طلباء کی کارکردگی سے متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-01

جان کیری کا دہلی آئی آئی ٹی کا دورہ - طلباء کی کارکردگی سے متاثر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آج یہاں باوقار انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی میں دو لیباریٹریز کا معائنہ اور طلباء سے بات چیت کی جس کے بعد انہوں نے اپنے اس دورہ کو بے حد مسرت اور شاندار قرار دیا ۔ جان کیری پانچویں ہند۔ امریکہ حکمت عملی مذاکرات میں حصہ لینے یہاں آئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اپنے شیڈول سے وقت نکالا اور اپلائیڈ مائکرو بائیولوجی لیباریٹری اور بائیو پراسیس لیب کا دورہ کیا ۔ دہلی آئی آئی ٹی کے ڈائرکٹر پروفیسر شیو گاؤنکر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ امریکی سفارتخانہ نے واضح طور پر بتایا تھا کہ جان کیری ان لیباریٹریز کا جائزہ لینا چاہتے ہیں ۔ جان کیری نے جو نیلے رنگ کا سوٹ زیب تن کئے ہوئے تھے ، وہاں طلباء سے بات چیت کی اور مختلف سوالات کئے۔ انہوں نے تعلیمی فیس، پیٹنٹ سسٹم کے بارے میں سوالات پوچھے اوریہ بھی جاننا چاہا کہ آیا طلباء ہندوستان میں ہی ملازمت کرنا چاہیں گے یا پھر کسی بیرونی ملک میں کام کرنا پسند کریں گے ۔ بائیو ڈیگر یڈیبل پلاسٹک پر ریسرچ پراجکٹ کے بارے میں جان کر انہیں بے حد مسرت ہوئی ۔ ایک طالب علم نے انہیں پراجکٹ کے تفصیلات بائیں جسے انہوں نے بہت ہی شاندار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کی ایک بڑی خدمت ہوگی ۔ کنال گپتا نے جو اس پراجکٹ کا ایک حصہ ہیں کہا کہ انہیں فخر ہے کہ جان کیری نے اس ادارہ کا دورہ کیا ۔ گپتا نے کہا کہ مجھے ایک ایسے انسٹی ٹیوٹ کا حصہ ہونے پر فخر ہے جسے امریکہ میں بھی پہچانا جاتا ہے ۔ امریکہ نے ہم سے پہلے اس موضوع پر کافی ریسرچ کی ہے ۔ جان کیری کے اس دورہ سے ہم بہت اچھا محسوس کررہے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں