یوم آزادی کے موقع پر جموں و کشمیر میں سیکوریٹی بڑھائی گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-14

یوم آزادی کے موقع پر جموں و کشمیر میں سیکوریٹی بڑھائی گئی

سری نگر
پی ٹی آئی
ہندوستان کے68ویں یوم آزادی کے موقع پر وادی کشمیر میں اہم مقامات پر ممکنہ دہشت گردانہ کارروائیوں کو ناکام بنانے کی غرض سے سیکوریٹی میں زبردست اضافہ کردیا گیا ہے ۔ افسروں نے بتایا کہ سرحد پار سے در اندازی کی کوششوں اور تشدد بندی کے اعلان کی خلاف ورزی کے واقعات کے اضافے کے مد نظر سیکوریٹی نظام مضبوط کیا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں یوم آزادی کی اہم تقریبات بخشی اسٹیڈیم میں منعقد کی جاتی ہیں۔ اسی کے پیش نظرفوج اور سی پی آر ایف کے جوانوں نے اسٹیدیم اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں قلع بندی کردی ہے ۔ شہر میں اور اس کے باہری علاقوں خاص طور سے سری نگر میں داخلے کے مقامات پر خصوصی ناکہ بندی کی گئی ہے۔ افسران کے مطابق گاڑیوں اور ان کے سفر کرنے والے لوگوں کی جانچ کی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ راہ گیروں کی بھی سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔ تاکہ یوم آزادی کی تقریبات میں مبینہ دہشت گرد کسی طرح کا رخنہ ڈال سکیں ۔ اس قومی تہوار پر سیکوریٹی کے مقاصد سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب سخت ترین سیکوریٹی انتٖظامات کے بیچ بد کے روز یوم آزادی کی تقریب کے سلسلے میں بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں فل ڈریس ریہر سل کی گئی۔ اس موقع پر ڈیویژنل کمشنر کشمیر روہت کنسل نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی ۔ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کے ساتھ ساتھ مرکزی نیم فوجی دستے ، جموں و کشمیر پولیس ، ہوم گارڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے بھی پریڈ میں حصہ لیا ۔ فنکاروں اور طالب علموں نے اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے راجندر کمار ، ضلع کمشنر سرینگرانجینئر فاروق احمد شاہ اور دیگر سینئر سول وپولیس افسران بھی تقریب میں موجود تھے ۔ علاوہ ازیں جنوبی کمشیر کے ضلع پلوامہ میں گزشتہ شام نامعلوم بندوق برداروں نے ریلوے پولیس کے ہیڈ کانسٹبل پر گولیاں چلا کر انہیں ہلاک کردیا ۔ یہ واقعہ وزیر اعظم نریندر مودی کی لداخ خطے کی آمد کے چند گھنٹے بعد ہی پیش آیا ۔ اس سے قبل جنگجوؤں نے اسی ضلع کے پانپور علاقے میں بارڈر سیکوریٹی فورسز کے قافلہ پر حملہ کر کے 7فوجی اہلکاروں کو زخمی کردیا۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پلوامہ میں ملنگ پورہ میں ریلوے ٹریک کی ڈیوٹی پر مامور ریلوے پولیس کے ہیڈ کانسٹبل راجندرسنگھ پر نامعلوم بندوق برداروں نے گولیاں چلاکر انہیں شدید زخمی کردیا ۔ اگرچہ مذکورہ ہیڈ کانسٹبل کو فوری طور پر پانپور ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں