آئی اے این ایس؍ پی ٹی آئی
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج نریندر مودی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ اور یہ عوام کو تقسیم کرنے کی دانستہ کوشش ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ دہلی کے باہر پارٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ اتر پردیش ، مہاراشٹرا ، اور ملک کے دیگر علاقوں میں بار بار فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کا پیش آنا ، باعث تشویش ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی جانب سے یہ الزام عائد کئے جانے کے بعد اتر پردیش میں فرقہ وارانہ فسادات سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کرائے گئے تھے انہوں نے یہ تبصرہ کیا ہے ۔ سونیا گاندھی نے ترواننتام پوریم میں کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی( کے پی سی سی) کے خصوصی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بی جے پی زیر اقتدار حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد11ہفتوں کے دوران ملک میں فرقہ وارانہ تشدد میں اضافہ ہوا ہے ۔ عوام میں پھوٹ ڈالنے جان بوجھ کر ایسا کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں فرقہ وارانہ تشدد کے زائد از چھ سو واقعات پیش آئے اور شاید اتنے ہی مہاراشٹر ا میں بھی ۔ یوپی اے حکومت کی پہلی اور دوسری میعاد کے دوران بمشکل ہی ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تھا ۔ انہوں نے غزہ میں پیش آنے والے واقعات کے تئیں مودی حکومت کے رویہ پر بھی اسے نشانہ تنقید بنایا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ہم لوک سبھا میں مباحث شروع کرنے سے قاصر رہے لیکن راجیہ سبھا میں ہم یہ مسئلہ اٹھانے میں کامیاب رہے ۔ ہم نے ہمیشہ فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کیا ہے۔ فی الحال بندوقیں خاموش ہوچکی ہیں ۔ صدر کانگریس نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط کریں ۔ انہوں نے2014کے لوک سبھا انتخابات میں کیرالا یونٹ کے بہتر مظاہرہ کی ستائش کی ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ہمارا پہلا کام پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط کرنا ہے ۔ ہماری پارٹی کا بنیادی مشن عام آدمی کا تحفظ ہے ، پارٹی گزشتہ7دہوں سے سماج کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے کام کرتی رہی ہے ۔
اسی دوران موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے مطابق صدر کانگریس سونیا گاندھی نے خواتین تحفظات بل کی منظوری پرزور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اس بل کی لوک سبھا میں منظوری کے لئے بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر دباؤ ڈالے گی ۔ انہوں نے یہاں ریاستی حکومت کی زیر سرپرستی ویمن سیلف ہیلپ گروپ ’’کدمباشری‘‘ کی16ویں سالانہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ملک میں خواتین سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی پابند ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ سابق یوپی اے حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے مختلف اسکیمات شروع کی تھیں اور خواتین و بچوں کے تحفظ کے لئے کئی نئے قوانین وضع کئے تھے ، انہوں نے کہا کہ مجھے صرف اس بات کا افسوس ہے کہ حکومت پارلیمنٹ میں خواتین تحفظات بل منظور نہیں کراسکی حالانکہ اسے راجیہ سبھا میں بھی متعارف کرایا گیا تھا۔
Spurt in communal violence under Modi: Sonia
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں