کجریوال میں تنظیمی صلاحیت نہیں - پارٹی لیڈر شانتی بھوشن کا سخت ریمارک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-14

کجریوال میں تنظیمی صلاحیت نہیں - پارٹی لیڈر شانتی بھوشن کا سخت ریمارک

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی کو آج اس وقت بغاوت کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے ایک اہم بانی لیڈر شانتی بھوشن نے پارٹی سربراہ اروند کجریوال کی اہلیت اور تنظیمی صلاحیت کے بارے میں سوال اٹھایا جس سے ان کے استعفیٰ کے مطالبے شروع ہوگئے ۔ پارٹی کے سرپرست اور ممتاز قانون داں اٹھاسی سالہ بھوشن کی برہمی ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پارٹی میں اسے چلانے کے طریقہ کے بارے میں ناراضگیاں پائی جاتی ہیں ۔اور بعض قائدین نے ایک ایسے وقت پارٹی میں جمہوریت کے فقدان کا سوال اٹھایا ہے جب اسے دہلی میں اسمبلی انتخابات کی تیاری کرنی ہے ۔ بھوشن نے جو سابق مرکزی وزیر قانون ہیں کہا کہ اروند ایک بڑے لیڈر اور مہم چلانے والے ہیں لیکن میرے خیال میں ان میں تنظیمی صلاحیتیں نہیں ہیں۔ ان میں وہ اہلیت نہیں ہے جس سے پورے ہندوستان میں پارٹی کے پیغام کو پھیلایا جاسکتا ہے ۔ پارٹی قائدین یوگیندر یا اور اشوتوش نے پارٹی کے قومی کنوینر کجریوال پر بھوشن کی تنقید کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی لیکن ایک اوربانی لیڈر شاذیہ علمی نے جنہوں نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ کجریوال پر تنقید کی۔ ناراض رکن اسمبلی ونود کمار نے کہا کہ کجریوال کو فوری پارٹی سے استعفیٰ دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شانتی بھوشن جیسے سینئر لیڈر کے مطالبہ کے بعد کجریوال کو اگر ان میں ذرا بھی غیرت ہے ، عہدہ پر نہیں رہنا چاہئے ۔ تاہم پارٹی نے کہا کہ وہ بھوشن کے تبصرہ سے اتفاق نہیں کرتی ۔ پارٹی نے کہا کہ بھوشن کی جانب سے اس بارے میں تنقید گمراہ کن ہے۔ دراصل جمہوریت کی سب سے بڑی مثال عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال کی مخالفت کے باوجود کئی سیٹوں پر لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ تھا ۔ اس دوران پارٹی صدر اورند کجریوال پر شانتی بھوشن کے تنقیدی ریمارک پر طنز کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ وہ اس حقیقت سے پہلے سے واقف تھے ۔ دہلی بی جے پی کے صدر ستیش اپادھیائے نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے صدر بھوشن نے اس بات کو سمجھنے میں کئی برس لگائے لیکن بی جے پی اور ملک اس حقیقت کو پہلے سے جانتے تھے ۔ اس بات کو عوام نے اس وقت دیکھ لیا جب عام آدمی پارٹی کے لوک سبھا امیدواروں میں سے 96فیصد نے اپنی ضمانت کھودی تھی ۔

Kejriwal lacks organizational skill, Shanti Bhushan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں