تلنگانہ میں آج جامع گھریلو سروے - عام تعطیل کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-19

تلنگانہ میں آج جامع گھریلو سروے - عام تعطیل کا اعلان

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ریاست تلنگانہ میں منگل19اگست کو عام زندگی مفلوج ہوجائے گی اس لئے کہ حکومت نے ’’جامع گھریلو سروے‘‘ کے لئے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ جس باعث تمام سرکاری دفاتر ، ادارے جات، تمام خانگی ادارے، قانون بیع و شر ع کے تحت بند ہوں گے۔ تعلیمی ادارے ، کالجس کو تعطیل دے دی گئی ہے حتی کہ سڑکوں سے تمام آر ٹی بسوں کو ہٹا لیاجارہا ہے ، تلنگانہ میں تقریباً3.75کروڑ آبادی کو اس ایک روزہ سروے میں شمار کرنے کے لئے ریاست کے تمام اضلاع میں مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔ حیدرآؓاد میں جی ایچ ایم سی( گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن) کو اس سروے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اس میں تمام سرکاری ملازمین بشمول اساتذہ اور منتخب طلبہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے تمام سرکاری و خانگی اداہ جات کو بااجرت تعطیل ہوگی لیکن اس ایک روزہ سروے سے مرکزی خدمت انجام دینے والے ملازمین پریشان ہیں ۔ مرکز کی جانب سے مرکزی خدمات انجام دینے والے اداہ جات جیسے پوسٹ آفس، ریلوے، شہری فضائی خدمات ، دفاعی خدمات دفاع ریسرچ ادارے، مرکزی یونیورسٹیز و دیگر مرکزی تعلیمی ادارے، مرکزی الیکشن کمیشن اور مرکز کے تحت خدمت انجام دینے والے مختلف محکموں اور نظامتوں میں کوئی تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ شہر اور اضلاع می عام تعطیل کے سبب دودھ کی سربراہی و دیگر ضروری خدمات پر اثر پڑے گا۔ شہر اور اضلاع میں ہوٹلیں بند رہیں گے۔ اضلاع سے موصولہ اطلاع کے مطابق سروے کے لئے درکار دستاویزات کی نقولات تیار کرنے زیراکس سنٹرس پر طویل قطاریں دیکھی گئیں ، کئی سنٹرس پر بڑھ چڑھ کر شرحیں وصول کی گئیں۔ وقتاً فوقتاً برقی کی مسدودی کے سبب زیراکس سنٹرس پر الجھن کی کیفیت دیکھی گئی ۔ شہر حیدرآباد میں سینکڑوں زیراکس سنٹرس ہے ، زبردست کاروبار ہوا۔ سروے کروانے والی اتھاریٹیز نے حالانکہ یہ واضح کیا ہے کہ دستاویزات کی نقولات ضروری نہیں ہیں لیکن ان اتھاریٹیز کی جانب سے عوام کو جو چیک لسٹ دی گئی ہے اس میں نقولات کے بارے میں استفسارات کیا گیا ۔ سرکاری سطح پر دی گئی اس الجھن کے سبب عام شہری پریشان ہیں ۔ ان علاقوں میں جہاں اردو داں طبقہ کی غالب آبادی ہے، محدود پیمانے پر اردو اور انگریزی فارمس اور چیک لسٹ تقسیم کی گئی۔ حیدرآباد ، نظام آباد ، محبوب نگر دیگر اضلاع میں چند رضا کار انہ تنظیموں نے اردو اور انگریزی فارم اور چیک لسٹ کی سربراہی میں تعاون دراز کیا۔ شمار کنندہ ہر گھر پہنچ کر5صفحات پر مشتمل خانہ پوری کریں گے اور سروے میں18نکات کی بابت عوام سے معلومات حاصل کی گئی ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کے سروے کے سبب سیما۔ آندھرا علاقہ(آندھرا پردیش)سے تعلق رکھنے والے بیشتر شہریوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں سیما۔ آندھرا کی غالب آبادی والی کالونیز سے یہ اطلاع موصول ہوئی کہ بیشتر افراد اس سروے میں حصہ لینا نہیں چاہتے ۔
گزشتہ دنوں حیدرآباد ہائی کورٹ نے اس سروے کی جہاں اجازت دی ہے وہیں یہ بھی واضح کیا ہے کہ حکومت کسی بھی شہری پر سروے کے لئے زبردستی نہیں کرسکتی ۔ اس سروے کی تیاری کے لئے گزشتہ چند دنوں سے ریاست کی ساری مشنری جھونک دی گئی ہے جس کے سبب مختلف محکموں میں کام متاثر ہورہا ہے ۔ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد اس سروے کے سبب پہلی مرتبہ سارے تلنگانہ میں عام زندگی پر اس کا اثر پڑے گا۔ سروے کا آغاز صبح 7بجے سے ہوگا اور شام7بجے تک رہیگا۔ استثنائی حالات میں اس وقت میں توسیع ممکن ہے ۔ حکومت اسے ایک ہی دن میں مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ اس دوران مستحق عوام تک سرکاری اسکیمات کے فوائد پہنچانے کے لئے منگل کو تلنگانہ کے تمام خاندانوں کا ایک ہی دن میں سروے مکمل کیاجائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جامع گھریلو سروے کو کامیاب باننے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ چیف منسٹر نے عوام سے خواہش کی کہ تلنگانہ کے تمام علاقوں میں بیک وقت ایک ہی دن یہ سروے منظم کیاجارہا ہے اس لئے عوام کو چاہئے کہ سروے کے لئے آنے والے عہدیداروں کو مناسب اطلاعات فراہم کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچانے اور ایک خاندان کی ضروریات کیا ہیں اس کی نشاندہی اور اس سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے یہ سروے منظم کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ سروے کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا مکمل تعاون دیں ۔ جامع سروے کو کامیاب بنانے ریاستی وزرا اور ٹی آر ایس کے قائدین نے اپیل کی ہے ۔ اس سروے کے تعلق سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں حکومت اور ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے بیداری ریالیاں نکالی جارہی ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے اس سروے کو کافی اہمیت کا حامل قرار دیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس سروے کے تعلق سے غلط فہمی کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سروے میں حصہ لے کر اسے کامیاب بنائیں ۔ حیدرآباد میں بھی کئی اضلاع کے عوام مقیم ہیں جو اپنے آبائی مقامات کو جارہے ہیں۔ حیدرآباد کے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن اور جوبلی بس اسٹیشن پر اضلاع کو جانے والے عوام کی کثیر تعداد دیکھی جارہی ہے ۔ مسافروں کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے آر ٹی سی کی جانب سے زائد بسیں چلائی جارہی ہیں۔ آر ٹی سی کی بسیں اضلاع دیہات واپس ہونے والے شہریوں کو مناسب سہولت فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہورہی ہیں۔ اضلاع کو روان ہونے والی بیشتر بسوں کی چھتوں پر لوگ سفر کررہے ہیں۔ ٹرین میں نشستیں دستیاب نہیں ہیں، خانگی ٹرانسپورٹ منہ مانگی شرحوں پر کاروبار کررہے ہیں۔ سروے کے تعلق سے عوام میں کافی شروع دیکھا جارہا ہے ۔ یہ سروے تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے کافی اہمیت کا حامل ہے جسے نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ اس سروے کے ذریعہ مختلف سرکاری اسکیمات میں بدعنوانیوں کا خاتمہ کیاجاسکے گا ۔ سماجی سروے کے موقع پر شمار کنندوں کے لئے دستیاب رہنے ملک کے مختلف مقامات پر مقیم تلنگانہ کے شہری بڑی تعداد میں اپنے آبائی مقامات پہنچ رہے ہیں ۔ بس اسٹیشنوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر تلنگانہ کے عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے واضح کیا کہ تلنگانہ عوام کے سماجی اور معاشی حالات معلوم کرنے کے لئے یہ سروے منعقد کیاجارہا ہے ۔ ملک کی تاریخ میں کبھی بھی ایک ہی دن میں ایسا سروے نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے کے ذریعہ جمعہونے والی معلومات کی بنیاد پر تعلیم اور روزگار کے مواقع ، امکنہ کی فراہمی ، دیگر سہولتیں حکومت کی جانب سے مہیا کی جائیں گی ۔ رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا نے بھی اس سروے میں حصہ لینے کی عوام سے اپیل کی۔ کویتا نے کہا کہ سرکاری اسکیمات سے فوائد حاصل کرنے کے لئے اس سروے کی کامیابی ضروری ہے ۔ محبوب نگر کے رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی نے عوام سے کہا کہ وہ سروے میں حصہ لیتے ہوئے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔

household survey in Telangana today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں