آندھرا اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن شور و غل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-19

آندھرا اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن شور و غل

حیدرآباد
یو این آئی
آندھر اپردیش قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کے پہلے ہی دن آج اس وقت شوروغل کے مناظر دیکھنے میں جہاں اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ضلع اننت پور میں’’سیاسی قتل‘‘ واقعات کے خلاف مباحث کے لئے اصرار کرتے ہوئے کارروائی روک دی ۔ قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اس مسئلہ پر تحریک التوا پیش کرتے ہوئے بحث کی خواہش کی، اسپیکر کے سیوا پرساد راؤ نے یہ تحریک نامنظور کردی اور ان سے خواہش کی کہ وہ ایجنڈہ کے مطابق ایوان کی کارروائی چلانے میں تعاون کریں ، لیکن وائی ایس آر کانگریس کے ارکان، ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور کارروائی روک دی ۔ اسپیکر نے نشستوں پر واپس جانے کی ان سے اپیل کی جو رائیگاں ثابت ہوگئی ۔ اسپیکر اسمبلی وقفہ سوالات شروع کرنا چاہتے تھے تاہم وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اس مسئلہ پر مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان میں احتجاج کیا۔ ان ارکان اسمبلی نے کہا کہ ریاست میں لا اینڈر آرڈر کی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین و کارکنوں کے قتل کی وارداتیں پیش آرہی ہیں ۔ ریاست میں گروہ واریت دیکھی جارہی ہے ۔ اسپیکر نے ان احتجاجی ارکان سے خواہش کی کہ وہ دوسری شکل میں اس مسئلہ پر مباحث کے لئے انہیں نوٹس دیں جس پر مباحث کروائے جائیں گے تاہم وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے احتجاجی ارکان اسمبلی نے وقفہ سوالات کو معطل کرتے ہوئے اس مسئلہ پر مباحث کروانے کا مطالبہ کیا۔ ان ارکان اسمبلی نے پلے کارڈس کے ساتھ ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرے بازی کی ۔ وائی ایس آر کانگریس کے احتجاجی ارکان کی ایوان کی کارروائی میں مداخلت پر انہوں نے اپوزیشن لیڈر جگن موہن ریڈی کا اظہار خیال کا موقع دیا۔ جس پر لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تحڑیک التوا کو نامنظور کرنے کو انہوں نے نامناسب قرار دیا ۔ انہوں نے ایوان میں کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے12قائدین کا قتل کیا گیا اور کئی کارکنوں کو زخمی کردیا گیا لیکن حکومت کی جانب سے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کوئی کوشش نہیں کی گئی ۔ انہوں نے وقفہ سوالات کو معطل کرتے ہوئے اس مسئلہ پر مباحث کروانے کا مطالبہ کیا۔ ایوان میں اپوزیشن کے ہنگامہ پر اسپیکر نے15منٹ کے لئے ایوان کی کارروائی کو ملتوی کردیا ۔ ایوان کی کارروائی جب دوبارہ شروع ہوئی تو ایوان میں اسی طرح کی صورتحال رہی جس پر اسپیکر نے پھر ایک بار 15منٹ کے لئے کارروائی کو ملتوی کردیا لیکن جب تیسری مرتبہ بھی ایوان میں ہنگامہ برقرار رہا تو اسپیکر نے ایوان کی کارروائی کو منگل تک کے لئے ملتوی کردیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں