یو این آئی
مدھیہ پردیش کے اس شہر میں کل رات ایک ویب سائٹ پر قابل اعتراض مواد پیش کرنے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی اور تصادم میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے بعد کرفیو نافذ کردیا گیا ہے ۔ صورتحال اس وقت قابو سے باہر ہوگئی متصادم گروپوں نے آتشزنی شروع کردی ۔ انتظامیہ نے پہلے امتناعی احکامات نافذ کئے اور کل رات دیر گئے کرفیو نافذ کردیا گیا۔ کلکٹر شلپا گپتا نے بتایا کہ صورتحال اس وقت قابو میں ہے ۔ تصادم اس وقت شروع ہوا جب کھنڈوا میونسپلٹی کے ایک عہدیدار امریادو نے مبینہ طور پر ایک فرضی ویب سائٹ پر قابل اعتراض مواد پیش کیا ۔املی پورہ علاقہ میں تصادم کے دوران ایک نوجوان چاقو لگنے سے فوت ہوگیا ۔ گپتا کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ دریں اثناء اجین میں بھی آج صبح مذہبی مقام پر توڑ پھوڑ کے بعد دو فرقوں میں تصادم کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی جسے دیکھتے ہوئے شہرکے سبھی اسکولوں میں دوپہر12بجے چھٹی دے دی گئی ۔ ضلع انتظامیہ نے ساون اور بھادوں مہینے میں مذہبی تقریب کے پیش نظر کل سے ہی شہر میں دفعہ144نافذ کردیا تھا۔ شہر میں افواہوں کا دور جاری ہے لیکن صورتحال قابو میں ہے اور جائے وقوع پر بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے ۔ بااختیار ذرائع نے بتایا کہ چیمن گنج منڈی تھانہ علاقہ کے اندرا نگر کے قریب ایک عبادت گاہ میں کچھ سماج دشمن عناصر نے توڑ پھوڑ کی جسکے بعد دونوں فریقوں کی طرف سے لوگ اکٹھے ہوگئے جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی ، لیکن ضلع اور پولیس انتظامیہ کے اعلی افسران فوراً جائے وقوع پرپہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں کرلیا ۔ اس دوران موقع پر بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ نے بتایا کہ کچھ نامعلوم سماج دشمن عناصر کی حرکتوں کی وجہ سے کشیدگی پیدا ہوگئی تھی لیکن اب صورتحال پوری طرح قابو میں ہے۔ ضلع کلکٹر کی طرف سے دفعہ144کے تحت امتناعی احکامات 23اگست تک پورے ضلع میں نافذ رہیں گے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں