آندھرا اسمبلی میں زائد از 1.11 لاکھ کروڑ کا بجٹ پیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-21

آندھرا اسمبلی میں زائد از 1.11 لاکھ کروڑ کا بجٹ پیش

حیدرآباد
یو این آئی
اے پی کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈے نے آج ریاستی اسمبلی میں زائد از1,11لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا جس میں19ہزار کروڑ روپے کا خسارہ دکھایا گیا ہے ۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد اے پی کے پہلے ریاستی بجٹ میں جو2014-15کے لئے پیش کیاگیا ہے ، منصوبہ جاتی اخراجات کے تحت26000کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جب کہ غیر منصوبہ جاتی اخراجات کی مد میں85ہزار کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ۔ بجٹ میں خسارے میں کم لانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ ریاست کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لایاجاسکے ۔ وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے اپنی بجٹ تقریر میں اس بات کا اعادہ کیا کہ بینکوں اور امداد باہمی اداروں سے کسانوں کو جاری کردہ قرض ، معاف کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قرضوں کی معافی سے شعبہ زرات کو مزید منفعت بخش بنایاجاسکے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اے پی کی تیز رفتار ترقی کے لئے7مشن مقرر کیے ہیں جن پر مختلف محکموں کے ذریعہ مل آوری کرتے ہوئے آندھراپردیش کو ترقی دی جائے گی ۔ چیف منسٹر کی راست نگرانی میں ان مشنوں پر عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے2029تک آندھرا پردیش کو سورنا آندھرا پردیش میں تبدیل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ جس کے لئے جارحانہ انداز میں ترقیاتی سرگرمیاں چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری آمدنی میں اضافہ اور مرکز سے زیادہ سے زیادہ فنڈ حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ وزیر فینانس نے مزید کہا کہ زراعی اغراض کے لئے کسانوں نے جو گولڈلون حاصل کیے تھے انہیں بھی معاف کردیا جائے گا۔
فلاحی اسکیموں کے بارے میں وزیر نے کہا کہ سرکاری وظائف میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس کے علاوہ عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات ٹھائے جائیں گے ۔ رام کرشنوڈو نے کہا کہ سرکاری مشنری کو عوام کے تئیں حساس بنانے کے لئے اس کی ہیئت ترکیبی تبدیلی لائی جائے گی۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ حکومت آندھر اپردیش خواتین و اطفال کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند ہے ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں1049کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیر نے مزید کہا کہ این ٹی آر شوجا لااونتی اسکیم کے تحت مواضعات کو منرل واٹر سربراہ کیاجائے گا ۔ محفوظ پانی کی سربراہی میں اضافہ کے لئے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معذورین اور معمرین کے ماہانہ وظائف میں اضافہ کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ سے ایک ہزار روپے کردیاجائے گا ۔ کمزور طبقات اور پسماندہ طبقات کے لئے بھی بجٹ اختصاص میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں ٹائلٹ تعمیر کئے جائیں گے ۔ ڈواکرا سوسائٹیوں کو مستحکم بنایا جائے گا ۔ اے پی کے وزیر فینانس نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے دکان و مکان اور روشنی نام سے نئی اسکیموں کا اعلان کیا ۔ ان اسکیموں کا اصل مقصد معاشی وترقیاتی سرگرمیوں میں اقلیتوں کو ان کا حصہ فراہم کرنا ہے ۔ اقلیتی طلباء کو پری و پوسٹ میٹرک اسکالر شپ ، بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم، ہاسٹلوں اور اقامتی اسکولوں کی دیکھ بھال، مسابقتی امتحانات کی تیاری و دیگر امور کے لئے جملہ371کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ۔ ریاستی وزیر نے یہ کہتے ہوئے اپنی بجٹ تقریر کا آغاز کیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ریاست میں ترقیاتی سرگرمیاں مسدود ہوگئی تھیں جب کہ یہاں اسکامس اور کرپشن کا بول بالا رہا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں