پی ٹی آئی
تلنگانہ میں گھر گھر سروے پر تنازعہ کے بیچ گورنر ایس ایل نرسمہن نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کر کے انہیں ریاست بالخصوص حیدرآیاد کی صورتحال سے واقف کرایا ۔ ای ایس ایل نرسمہن نے راجناتھ سنگھ کو تلنگانہ میں نظم و نسق کی صورتحال سے واقف کراتے ہوئے جامع گھریلو سروے کے تعلق سے عوام کے درمیان موجودہ خدشات کے ازالہ کے لئے حکومت کے اقدامات کی تفصیلات بھی بتائیں۔ تلنگانہ بھر میں کل گھر گھر سروے کرتے ہوئے حکومت نے84لاکھ خاندانوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ۔ مرکزی حکومت نے سروے پر قریبی نظر رکھتے ہوئے مناسب وقت پر مناسب مداخلت کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکز کا کہنا ہے کہ وہ تلنگانہ میں مقیم سیما آندھرا شہریوں کے خدشات پر فکر مند ہے کیونکہ ان شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت نے صرف انہیں نشانہ بنانے کے لئے سروے کرایا ہے ۔ مرکز نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآبادکی صورتحال پر ام رہے گی جہاں کشیدگی اپنے عروج پر ہے ۔ مرکزی حکومت ضرورت پڑنے پر اس معاملہ میں مداخلت کرے گی ۔حکومت توقع کرتی ہے کہ تلنگانہ میں کوئی پر تشدد واقعہ پیش نہیں آئے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ راجناتھ سنگھ سے20منٹ طویل ملاقات کے دوران گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے حیدرآباد کا لا اینڈ آرڈر ریاستی گورنر کے حوالہ کرنے مرکز کے اقدام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ حکومت تلنگانہ مرکزی حکومت کے اس اقدام کی مخالفت کررہی ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکز کو ایک جوابی مکتوب روانہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے احکام واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ گورنر اور مرکزی وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات کے دوران سمجھاجاتا ہے کہ ایسے مسائل پر مرکز اور حکومت تلنگانہ کے درمیان تصادم کو ٹالنے کے راستوں پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر کو لا اینڈ آرڈر کی حوالگی کے احکام پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے فاشسٹ اقدام قرار دیا تھا ۔ مدھیہ پردیش کے گورنر رام نریش یادو اور اڈیشہ کے گورنر ایس سی جامیر نے بھی مرکزی وزیر داخلہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر کے اپنی اپنی ریاستوں سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اسی دوران ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے بھی مرکزی وزیر داخلہ سے کل ملاقات کے لئے وقت طلب کیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ ، حیدرآباد کا لا اینڈ آرڈر گورنر کو حوالہ کرنے کے لئے انہیں خصوصی اختیارات دینے مرکز کے اقدام پر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں ۔ واضح ہو کہ حیدرآباد ، تلنگانہ و اے پی کا مشترکہ دارالحکومت ہے۔ تلنگانہ میں حکمراں ٹی آر ایس مرکز کے اس اقدام کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کررہی ہے کہ لا اینڈ آرڈر ریاست کے دائرہ اختیار میں ہے ۔
Home Minister Rajnath Singh meets Governor Telangana
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں