یوپی ایس سی امتحان تنازعہ پر لوک سبھا میں زبردست ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-01

یوپی ایس سی امتحان تنازعہ پر لوک سبھا میں زبردست ہنگامہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
یوپی ایس سی امتحانات کے پیٹرن پر تنازعہ آج ایک مرتبہ پھر لوک سبھا میں پیدا ہوا ۔ حکومت نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بذات خود اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ایک متوازن اور باہمی طور پر قابل قبول حل بہت جلد برآمد کرلیاجائے گا ۔ وقفہ صفر میں اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے رکن دھرمیندر یادو نے اس مسئلہ پر احتجاج کرنے والے طلباء پر لاٹھی چارج کی مذمت کی اور مسئلہ کی جلد یکسوئی کا مطالبہ کیا ۔ اپوزیشن بنچوں سے شرم شرم کے نعروں کے درمیان انہوں نے کہا کہ پولیس نے احتجاجی طلبا کے ساتھ نہایت سختی کی۔ جن میں سے دو چار طلبا ء لاپتہ ہیں جب کہ تین دواخانہ میں شدید زخمی حالت میں ہیں۔ کانگریس کی رنجیتا یادو اور کئی دیگر جماعتوں کے ارکان نے بھی پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی ۔ مشتعل اراکین اس معاملے پر حکومت سے جواب چاہتے تھے ۔ دریں اثناء وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر جتندر سنگھ جو ایوان میں بیٹھے تھے اٹھ کر چلے گئے اور پارلیمانی امور کے وزیر وینکیا نائیڈو ایوان میں داخل ہوئے ۔ حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہ ملنے پر دھرمندر یادو ، پپو یادو اور رنجیتا یادو سمیت کئی اراکین اسپیکر کی کرسی کے سامنے آکر زور زور سے نعرے بازی کرنے لگے۔ ملائم سنگھ یادو، ڈمپل یادو اور دپندر سنگھ ہڈا سمیت کئی دیگر اراکین بھی کھڑے ہوکر بولنے لگے۔ اراکین کے ہنگامے کے درمیان نائیڈو نے بیان دیا کہ یہ معاملہ اہم ہے ۔ پہلے بھی اٹھایا جاچکا ہے اور سنگھ نے اس کوحل کے لئے مشورے بھی دئیے ہیں ۔ معاملہ وزیر اعظم کے علم میں ہے۔ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے ،اراکین کے جذبات سے پھر وزیر اعظم کو آگاہ کراؤں گا اور جواب دوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ہندی اور غیر ہندی کا نہیں ہے۔ علاقائی زبانوں کا ہے ۔ حکومت سارے معاملے کو دھیان میں رکھ کر فیصلہ کرے گی۔ قبل ازیں سماج وادی پارٹی رکن پارلیمنٹ نے الزام لگایا کہ سی سیٹ ہٹانے کے مطالبے کے سلسلے میں بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والے طلباء پر لاٹھی چارج کیا گیا ۔ زبردستی ان کا بھوک ہڑتال ختم کروایا گیا ۔ کئی طالب علموں کو پولس اٹھا لے گئی اور ان کا ابھی تک پتہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہندی کے فروغ کی بہت بات کرتے ہیں۔ لیکن یہ ان کی ہندی سے کیسی محبت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک کی قیادت کرنے والے شیامندر پاٹھک کا پتہ نہیں ہے کہ پولیس انہیں اٹھا کر کہاں لے گئی ۔ سماج وادی پارٹی کے رکن نے کہا کہ حکومت باربار جھوٹے یقین دہانی کررہی ہے اور اسے یہ واضح کرنا چاہئے کہ سی سیٹ نظام ختم ہوگا یا نہیں ۔ انہوں نے طالب علموں پر لاٹھی چار ج کرنے والے حکا م اور پولیس اہلکاروں پر سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پپو یادو نے کاہ کہ وہ اس سلسلے میں کام رد کو تجویز دے چکے ہیں۔ طالب علم جمہوری طریقے سے تحریک چلا رہے تھے تو ان پر زیادتی کیوں کی گئی ۔ پولیس لاٹھی چارج سے تین طالب علم زخمی ہوگئے ہیں اور دو طالب علم لاپتہ ہیں۔

UPSC exam row creates turmoil in Parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں