ہند - امریکہ 5 ویں فوجی مذاکرات کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-01

ہند - امریکہ 5 ویں فوجی مذاکرات کا انعقاد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج اور امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج یہاں ہند۔ امریکہ پانچویں فوجی اہم مذاکرات (اجلاس) کی مشترکہ طور پر صدارت کی ۔ اس اجلاس کے دوران فریقین نے سلامتی توانائی کے اہم شعبوں میں ’’تبدیلی پہل‘‘ پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں قائدین نے تقریباً ایک گھنٹہ تک تبادلہ خیال کیا جسکے بعد فریقین کے متعلقہ وفود ان مذاکرات میں شامل ہوگئے ۔ یہ وفود مختلف وزارتوں ، بشمول توانائی اور تجارت کی وزارتوں سے وابستہ سنینئر نمائندوں پر مشتمل تھے ۔ ہند۔ امریکہ پانچویں فوجی مذاکرات سے قبل جان کیری نے امریکی کامرس سکریٹری بینی پرٹز کر کے ساتھ وزیر فینانس ووزیر دفاع ارون جیٹلی سے ملاقات کی ۔ مرکز میں نئی حکومت کے برسر اقدار آنے کے بعد امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ کایہ دورہ سیاسی سطح پر پہلا اعلیٰ سطحی ارتباط ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی 2ماہ بعد امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ مودی کے اس دورہ سے قبل کیری کے اس دورہ کا مقصد باہمی تعلقات میں مزید استحکام پیدا کرنا ہے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یوپی اے حکومت کے آخری برسوں میں باہمی تعلقات میں قوت تحریک کم ہوگئی تھی ۔
موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ جان کیری نے ارون جیٹلی سے ملاقات کے دوران جاریہ عالمی ادارہ تجارت( ڈبلیو ٹی او) کے ’’تسہیل تجارت معاہدہ‘‘ (ٹی ایف اے ) مذاکرات پر ہندوستان کے موقف کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ مذاکرات آج شام جنیوا میں اختتام کو پہنچے ۔ کیری کے ساتھ امریکی کامرس سکریٹری بینی پرٹزکربھی تھے جنہوں نے جنیوا مین جاری مذاکرات پر ہندوستان کے اختیار کردہ موقف پر پہلے ہی اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستان نے سازو سامان کی آزادانہ حمل و نقل کے لئے کسٹمز قواعد میں نرمی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ کیری ۔جیٹلی ملاقات سے واقف ایک عہدیدار نے بتایا کہ’’ ہماری بات چیت اچھی رہی ۔ ہندوستان میں ایک بڑی مارکیٹ ہے ۔ ہم نے ڈبلیو ٹی او سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ ہنودستان یہ کہتا آرہا ہے کہ وہ تسہیل تجارت معاہدہ(ٹی ایف اے) کی توثیق اس وقت تک نہیں کرے گا جب تک کہ غذائی سلامتی کے مقاصد کے لئے پبلک اسٹاک تمسکات کے مسئلہ کا حل دریافت نہ ہوجائے ۔ مذکورہ معاہدہ ، ترقی یافتہ ممالک کو بہت عزیز ہے ۔
ٹی ایف اے کا مقصد کسٹمز طریقہ کار کو آسان بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور معاملت کے مصارف میں کمی کرنا ہے ۔ امریکہ اور دیگر ممالک اس معاہدہ کو آگے بڑھارہے ہیں کیونکہ یہ ممالک بلاروک ٹوک بین الاقوامی تجارت کے ذریعہ اپنی معیشتوں کو استحکام دینا چاہتے ہیں جو مائل بہ کساد بازاری ہے ۔ یہ ممالک، کسٹمز کا ایک یکساں اور آسان طریقہ کار چاہتے ہیں ۔ ہندوستان ، معاہدہ کی منظوری کے لئے ایک شرط ماقبل کے طورپر اپنے کروڑوں غریب عوام کے لئے غذائی سلامتی پر ضمانت کا خواہاں ہے ۔ معاہدہ پر جس کو انڈونیشیا کے تفریحی ٹاؤن بالی میں گزشتہ دسمبر میں وزارتی اجلاس کے دوران مرتب کیا گیا تھا،31جولائی(آج) تک مہر تصدیق ثبت کی جانی تھی۔ پرٹز کر نے کل کہا تھا کہ انہیں’’امید ہے کہ آخری مابقی دنوں میں بھی ہندوستان اس مسئلہ کا حل دریافت کرسکتا ہے۔‘‘

5th India-US strategic dialogue, the trade is the king

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں