نریندر مودی کا دورہ نیپال میں سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-01

نریندر مودی کا دورہ نیپال میں سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات

کھٹمنڈو
پی ٹی آئی/ آئی اے این ایس
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ کھٹمنڈو کے پیش نظر یہاں حکومت سیکوریٹی کے خصوصی اقدامات کررہی ہے اور سیکوریٹی انتظامات کی نگرانی کے لئے فوج کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس ، مسلح پولیس فورس اور قومی تحقیقاتی ڈپارٹمنٹ کو بھی ذمہ داری دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ ہندوستان سے سیکوریٹی عہدیداروں کا ایک خصوصی گروپ بھی یہاں پہنچے گا ۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان کے سیکوریٹی حکام کی ایک ٹیم نیپال کا دورہ کرتے ہوئے سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لے گی اور درکار سیکوریٹی اقدامات کے تعلق سے وزارت خارجہ کو سفارشات کرے گی ۔ اسکے بعد وزارت خارجہ اس سلسلہ میں وزارت داخلہ کو ایک مکتوب روانہ کرے گی جو مودی کے2روزہ دورہ کے پیش نظر تیار کئے جانے والے منصوبہ کو قطعیت دے گی ۔ مودی کی آمد اور روانگی کے وقت15منٹ تک کے لئے فضائی ٹریفک بھی بند کردی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں قبل از وقت مطلع کیا جائے گا ۔ اعلی سطحی ذرائع کے مطابق تریبھون انٹر نیشنل ایر پورٹ پر پچھلے ایک ہفتہ سے خصوصی سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مودی کی آمد کے موقع پر اس ایر پورٹ پر خصوصی نیپالی فوج ، پولیس کے زائد از45-عہدیدار اور اے پی ایف حکام موجود رہیں گے ۔ اسی دوران بودھا میں واقع ہوٹل حیات کے آس پاس بھی سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے جہاں ہندوستانی وزیر اعظم کا قیام رہے گا ۔ اسی دوران مودی کے لمبنی کے مقام کے دورہ کے تعلق سے ہنوز توثیق نہیں ہوپائی ہے ۔ یہ گوتم بدھ کا مقام پیدائش ہے اور یونیسکو کا عالمی ہر پٹیج علاقہ بھی ہے ۔ نیپال کے وزیر برائے بیرونی امور مہندرا بہار پانڈے نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ مودی کے لمبنی کے مقام کا دورہ اسی وقت ممکن ہوگا جب موسم اجازت دے۔ مودی اپنے دورہ کے دوران سیاسی قائدین سے ملاقات کے علاوہ نیپال کی پارلیمنٹ کو مخاطب بھی کریں گے ۔
مودی اتوار کو کھٹمنڈو پہنچیں گے ۔ نیپالی حکام لمبنی کے موسم کے تعلق سے محکمہ موسمیات کے عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔ پانڈے نے جوحال ہی میں اپنی دورہ کنندہ ہندوستانی ہم منصب سشما سوراج سے مذاکرات کرچکے ہیں ، کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم کے دورہ کے دوران مساوی اساس پر اقتصادی تعلقات پر توجہ مرکوز رہے گی ۔ مودی کے دورہ کے دوران دونوں ممالک ایسے ایجنڈوں کو قطعیت دیں گے جن سے دونوں ہی ممالک کو فائدہ پہنچے گا ۔ دونوں ممالک نے توانائی زمینی و ریل رابطہ اور پٹرولیم لائن میں توسیع جیسے مسائل کی پہلی ہی نشاندہی کی ہے ۔

Special security arrangement during Modi's Nepal visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں